مملکت آنے والوں کے لیے ’قدوم پورٹل‘ ضروری کیوں، رجسٹریشن کس طرح؟
مملکت آنے والوں کے لیے ’قدوم پورٹل‘ ضروری کیوں، رجسٹریشن کس طرح؟
جمعہ 24 ستمبر 2021 0:18
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
بیرون مملکت سے آنے والے غیر ملکیوں کی صحت کا ڈیٹا حاصل کرنے اور ان کی ویکیسنیشن کی معلومات کے لیے ’قدوم ایپ‘ لانچ کی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی وزارت داخلہ اور صحت نے مملکت میں کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن پرعمل درآمد کرایا جارہا ہےـ
وزارت صحت نے سعودی ادارہ برائے مصنوعی ذہانت کے تعاون سے کورونا کے ابتدائی دنوں میں موبائل فون پرمختلف ایپس جاری کیے جن کا مقصد کورونا کے مریضوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنا اور ایسے افراد پرنگرانی رکھنا ہے جو کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔
وزارت داخلہ سمیت مختلف اداروں کے تعاون سے متعدد موبائل ایپلیکیشنز جاری کی گئیں جن میں ’توکلنا‘، ’صحتی‘، ’تباعد‘ اور عمرہ و زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ شامل ہیں۔
’توکلنا‘ اور ’صحتی‘ ایپس کے ذریعے تارکین اور مقامی شہریوں کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ ویکسینیشن کا ڈیٹا اپ ڈیٹ بھی کیا جاتا ہے۔ توکلنا ایپ کے بغیر کسی شاپنگ سینٹر یا سرکاری و نجی اداروں حتی کہ دکانوں میں بھی داخل نہیں ہوا جاسکتا۔
اگر کسی نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین نہیں لگوائی تو ’توکلنا‘ ایپ پر اس کا سٹیٹس ’غیر محفوظ‘ ہوتا ہے۔ ایسے افراد کہیں نہیں جاسکتے۔
عمرہ کی ادائیگی یا مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے پیشگی وقت لینے کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ جاری کی گئی ہے۔ یہ ایپ بھی توکلنا سے منسلک ہے۔ اگر کسی نے توکلنا پرخود کو رجسٹر نہیں کرایا تو وہ اعتمرنا ایپ میں اکاؤنٹ نہیں بنا سکتا۔
’قدوم پورٹل‘
وزارت داخلہ نے بیرون مملکت سے آنے والے غیر ملکیوں کی صحت کے حوالے سے ڈیٹا حاصل کرنے اور ان کی ویکیسنیشن کے حوالے معلومات کے لیے ’قدوم ایپ‘ لانچ کی ہے۔
قدوم ایپ میں رجسٹر کیے بغیر کسی غیر ملکی کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی۔ لفظ ’قدوم‘ کے معنی ’آنے‘ کے ہیں اس حوالے سے مختلف ممالک سے آنے والوں کو مملکت آنے سے قبل ہی اس ایپ میں اپنے بارے میں مصدقہ معلومات اپ لوڈ کرنا ہوتی ہیں۔
’قدوم‘ کن کے لیے ضروری
وزارت داخلہ نے بیرون مملکت سے آنے والے تارکین کے لیے خصوصی طور پر ’قدوم پورٹل‘ لانچ کیا ہے جس کا مقصد کورونا کے حوالے سے آنے والوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرنا اور آنے والوں کو بہتر انداز میں امیگریشن کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
قدوم پورٹل میں وزارت کی جانب سے مملکت آنے والوں کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جنہیں مملکت آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل قدوم پورٹل میں خود کو رجسٹرکرانا ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق قدوم پورٹل میں ویکسین یافتہ اور غیر ویکسین یافتہ افراد کو جدا کیا گیا ہے۔ جن غیر ملکیوں کو قدوم پورٹل میں رجسٹرکرانا لازمی ہے وہ درج ذیل ہیں:
1 ـ وزٹر ویکسین یافتہ 2 ـ وزٹرغیر ویکسین یافتہ 3 ـ میڈیکل وزٹر 4 ـ مقیم ویکسین یافتہ 5 ـ مقیم غیر ویکسین یافتہ 6 ـ سعودی شہریوں کے گھریلو ملازمین۔
مذکورہ زمروں میں شامل تارکین کے لیے لازمی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ قدوم میں رجسٹریشن کے بغیر امیگریشن کی کارروائی ہونا ممکن نہیں اس لیے بہتر ہے کہ مملکت آنے سے قبل تارکین اپنی ویکسینیشن کی معلومات ’قدوم پورٹل ‘ میں درج کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کرالیں۔
قدوم میں رجسٹریشن کا طریقہ
وہ تارکین وطن خواہ وہ اقامہ ہولڈر ہوں یا وزٹ ویزے پر مملکت آنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مملکت آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل ’قدوم پورٹل ‘ میں خود کو رجسٹر کرائیں۔
قدوم پورٹل میں رجسٹریشن کرانے کا انتہائی آسان طریقہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے تارکین یا زائرین مملکت آمد سے قبل پورٹل میں خود کو رجسٹر کرسکیں۔
رجسٹریشن کے لیے وزارت داخلہ کے ’ابشر‘ پورٹل کے ہوم پیچ پر ہی قدوم کا براوزر دیا گیا ہے جسے کلک کرنے پرقدوم پورٹل کا صفحہ کھل جاتا ہے۔
قدوم کی رجسٹریشن ’مقیم پورٹل‘ کے ذریعے ہوتی ہے۔ ’ابشر‘ کے ہوم پیچ پر قدوم کے براوزر کو کلک کرنے سے خودکار طریقے سے صارف ’قدوم‘ کی رجسٹریشن کے براوزر میں چلا جائے گا جہاں مختلف آپشن دییے گئے ہیں۔ ان کا ذکر پہلے کیا جا چکا ہے، مثال کے طور پر ’وزٹر ویکسین یافتہ‘ یا مقیم غیر ویکسین یافتہ‘ وغیرہ۔ رجسٹریشن کرانے والے صارف اپنی مطلوبہ کیٹگری میں جائیں اور معلومات درج کریں جن میں اقامہ نمبر یا پاسپورٹ نمبراور تاریخ پیدائش کا خانہ موجود ہے۔ پہلا سٹیج مکمل کرنے کے بعد دیگر مطلوبہ معلومات درج کی جائیں۔
قدوم میں رجسٹریشن کی شرائط
1 ـ رجسٹریشن کے لیے لازمی ہے کہ غیرملکی اقامہ ہولڈرز مملکت سے باہر ہوں۔
2 ـ توکلنا پر غیر ملکی کارکن کا سٹیٹس ’محصن‘ (محفوظ)، محصن جرعہ اولی (پہلی خوراک ) یا ’محصن متعافی‘ ( صحتیابی سے محفوظ ) ہونا چاہیے۔
3 ـ مملکت سفر سے کم از کم 72 گھنٹے قبل قدوم پورٹل پر رجسٹرکرایا جائے۔
4 ـ درج کی گئی معلومات درست ہونا لازمی ہے، غلط معلومات فیڈ کرنے پرقانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گاـ
5 ـ مملکت میں اقامہ ہولڈر غیر ملکی کارکن (مرد یا خاتون) کے ہمراہ مرافق کے طور پر رہنے والوں کا اندراج درخواست گزار کے ساتھ کیا جائے گا۔
6 ـ اقامہ ہولڈر کے 18 برس سے کم عمر بچوں کا اندراج ’مرافقین‘ کے طور پر کیا جائے۔
7 ـ سعودی شہریوں کے ہمراہ سفر کرنے والے گھریلو ملازمین کا اندراج آجر کی درخواست کے ساتھ مرافقین کے طور پر ہوگا۔
8 ـ مملکت آنے سے قبل ’توکلنا‘ ایپ انسٹال کی جائے اور مملکت پہنچنے کے بعد اس میں رجسٹریشن مکمل کی جائے گیْ