گووندا نے اپنی شادی کو ایک سال تک ’خفیہ‘ کیوں رکھا؟
گووندا نے اپنی شادی کو ایک سال تک ’خفیہ‘ کیوں رکھا؟
منگل 18 جنوری 2022 15:29
گووندا نے اداکاری کا آغاز ہی کیا تھا جب وہ سنیتا کی محبت میں گرفتار ہو گئے (فوٹو: انسٹاگرام)
ایک وقت تھا جب یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر فلمی اداکاروں نے شادی کر لی تو ان کی مقبولیت میں کمی آ جائے گی اسی لیے یا تو وہ اپنے کریئر کے عروج پر شادی نہیں کرتے تھے یا اسے خفیہ رکھتے تھے۔
اپنے زمانے کے مشہور بالی وڈ اداکار گووندا نے بھی اپنی ’فین فالوئنگ‘ کم ہو جانے کے ڈر سے ایک سال تک اپنی شادی خفیہ رکھی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا 36 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور ان دونوں کو انڈسٹری کا ’ہیپی کپل‘ سمجھا جاتا ہے۔
گووندا نے اداکاری کا آغاز ہی کیا تھا جب وہ سنیتا کی محبت میں گرفتار ہو گئے جس کے بعد ان کی والدہ نے بھی اس شادی کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔
گووندا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں اس ڈر کی وجہ سے اپنی شادی کو ایک سال تک خفیہ رکھنا پڑا کہ کہیں ان کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہ ہو جائے۔
ایک انڈین ٹی وی شو میں گووندا اور سنیتا نے اپنی محبت کی کہانی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی جس میں گووندا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی ٹینا کی پیدائش تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگوں نے مجھے ڈرا دیا تھا کہ لڑکیاں مجھے محبت بھرے خطوط لکھتی ہیں اور مجھ سے اتنی محبت کرتی ہیں (شادی کے بعد) میں اپنا یہ امیج اور فین فالوئنگ کھو دوں گا۔‘
شو کی میزبان سیمی گریوال نے جب پوچھا کہ کیا اس سے انہیں واقعی کوئی فرق پڑا تو گووندا نے جواب دیا کہ ’میرا نہیں خیال، یہ میری غلطی تھی۔‘
گووندا نے یہ بھی بتایا کہ اس ایک سال کے عرصے میں وہ دونوں بہت ہی کم اکٹھے باہر نکلے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر کوئی آپ سے شادی کے بارے میں سوال کرتا تو آپ کا کیا ردعمل ہوتا تھا تو انہوں نے بتایا کہ ’میں بھاگ جاتا تھا، میں باہر نکل جاتا تھا، میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ اس شخص کو کسی نے بھیجا ہے (پوچھ گچھ کے لیے) جو میرے کیریئر کو خراب کرے گا۔‘
گووندا نے کہا کہ ’اس وقت میرا کیریئر میری گڑیا جیسا ہو گیا تھا۔ مجھے ڈر تھا کہ کوئی میری گڑیا چھین لے گا۔‘