شرمیلا فاروقی نادیہ خان کے خلاف شکایت لے کر ایف آئی اے پہنچ گئیں
جمعرات 20 جنوری 2022 15:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نادیہ خان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دی ہے (فوٹو: ٹوئٹر، شرمیلا فاروقی)
پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی اپنی والدہ سے متعلق ویڈیو شیئر کرنے پر اداکارہ نادیہ خان کے خلاف شکایت لے کر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم سیل پہنچ گئی ہیں۔
جمعرات کو شرمیلا فاروقی نے ایف آئی اے آفس میں سائبرکرائم سیل کے سندھ زون کے سربراہ عمران ریاض کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے ہیڈآفس میں باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔‘
اداکارہ نادیہ خان کی جانب سے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں وہ پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے پوچھتی ہیں کہ ’آپ کا میک اپ کون کرتا ہے؟ کس سے سیکھا ہے آپ نے؟‘ جس کے جواب میں انیسہ فاروقی کہتی ہیں کہ انہوں نے میک اپ کرنا ’شرمیلا سے سیکھا ہے اور انہیں بچپن سے میک اپ کا شوق ہے۔‘
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کے متعلق سخت ریمارکس دیے تو موقف اپنایا تھا کہ ٹیلی ویژن میزبان نے ویڈیو کے ذریعے ان کی والدہ کا مذاق اڑایا ہے۔
شرمیلا فاروقی نے اپنی والدہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اداکارہ کی شکایت لے کر ایف آئی اے سائبرکرائم سئل جائیں گی۔
ویڈیو پر شرمیلا فاروقی کا موقف سامنے آیا تو پاکستان کے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا تھا کہ انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کر دی ہے تاہم شرمیلا فاروقی کی جانب سے اس پر کیے گئے تبصرے پر کوئی بات نہیں کریں گی ورنہ بات بہت آگے تک جائے گی۔