شرمیلا فاروقی کی ’چکن مچھلی‘ نہیں بھولے
شرمیلا فاروقی نے سوشل میڈیا صارفین سے ان کے پسندیدہ کھانوں کے متعلق سوال کیا تھا (فوٹو:انسٹاگرام)
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کھانے کے ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے ان کے پسندیدہ کھانوں کے متعلق سوال کیا تو کئی صارفین نے انھیں 'چکن مچھلی' کا قصہ یاد کرا دیا۔
ٹوئٹر صارف حسنین نے لکھا ’چکن فرائیڈ فش‘۔
ایک اور صارف مریم فیص کا کہنا تھا کہ ’وہ چکن فیلٹ جو آخر میں فش فیلٹ میں تبدیل ہوجاتا ہے، چمتکار کزین۔'
لاک ڈاون کے دوران جہاں کئی نامور شخصیات نے خود کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کو روٹین کا حصہ بنایا تھا وہیں پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کھانا بناتے ہوئے اپنی ویڈیو اور ترکیب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شئیر کی تھی لیکن ان کی یہ ویڈیو مذاق بن گئی تھی کیونکہ وہ یہ بھول گئی تھیں کہ باورچی خانے میں وہ مرغی نہیں مچھلی بنا رہی ہیں۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ہلکے پھلکے انداز میں اس پر میمز بھی شئیر کی تھیں۔ ایک جانب وہ صارفین تھے جنھوں نے ان کی پرانی ویڈیو کا ذکر کیا تو کئی ایسے بھی تھے جو شرمیلا کے ساتھ پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنائے بغیر نہ رہ سکے اور پیپلز پارٹی کو کوگنگ پروگرام شروع کرنے کی تجویز دیتے نظر آئے۔
ٹوئٹر صارف محسن نے لکھا ’مجھے تو وہ مچھلی پسند ہے جسے آپ نے مرغی کہا تھا۔‘
ویڈیو میں شرمیلا فاروقی نے غلطی سے کہا تھا کہ’میں نے مرغی لی ہے اور اس کی دم کاٹ دی اور اس کے دوحصے کر لیے ہیں۔‘
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شرمیلا فاروقی نے خود بھی انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک پوسٹ شئیر کی تھی اور لکھا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس مشکل وقت میں وہ لوگوں کو ہنسانے کا ذریعہ بنیں۔'