Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافر کا ماسک پہننے سے انکار، امریکی جہاز آدھے راستے سے واپس

جہاز نے میامی سے لندن کے لیے اڑان بھری تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ایئرلائن کے جہاز میں سوار مسافر کی جانب سے کورونا کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے میں ہی جہاز کو واپس موڑ لیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کو ائیرلائن حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی، تاہم اس دوران ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ ماننے سے انکار کر دیا، جس پر بدمزگی پیدا ہوئی اور معاملہ حل نہ ہونے پر جہاز کو واپس میامی لے جایا گیا۔
129 مسافروں اور 14 عملے  کے ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 جب واپس ایئرپورٹ آئی تو پولیس پہلے سے وہاں پہنچ چکی تھی۔
ایک پولیس اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ جہاز اترنے کے بعد ماسک نہ پہننے والے مسافر کو بغیر کسی مزید بدمزگی کے نیچے اتار لیا گیا۔
امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی ہے۔
وفاقی ہوا بازی کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعی برداشت نہیں جو وبا سے بچاؤ کے ضوابط کے خلاف ہو اور ان میں ماسک پہننا لازمی ہے۔
یہ قدم ان بے شمار واقعات کے بعد اٹھایا گیا تھا جن میں مسافروں نے ماسک پہننے سے انکار کیا تھا، جس پر لڑائی جھگڑے بھی ہوئے تھے۔

شیئر: