ٹی 20 ورلڈکپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور انڈیا پھر آمنے سامنے
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
رواں سال منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جہاں پاکستان اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے میچز 18 اکتوبر سے 13 نومبر تک سات شہروں کے سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
ورلڈکپ میں کُل 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے 12 کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ چار ٹیمیں کوالیفائی راؤنڈ کے بعد ورلڈکپ کا حصہ بن سکیں گے۔
انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں گروپ ون جبکہ انڈیا، پاکستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش گروپ ٹو میں ہیں۔
ورلڈکپ کا آغاز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جو آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔
پاکستان کا مقابلہ 23 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریف انڈیا سے ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے انڈیا کو شکست سے دوچار کیا تھا تاہم سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے پاکستانی ٹیم ہار گئی تھی۔
سری لنکا اور نمیبیا کی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ جیت کر آنے والی دو دیگر ٹیموں کے ساتھ گروپ ون میں شامل ہوں گی جبکہ ویسٹ انڈیز اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کو دنیا بھر میں منعقد ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے والی دو ٹیموں کے ساتھ گروپ ٹو میں شامل کیا جائے گا۔