انڈیا میں پاکستان کے 42 یوٹیوب چینل، ٹوئٹر و فیس بک اکاؤنٹس بلاک
جمعہ 21 جنوری 2022 19:43
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اس سے پہلے بھی متعدد پاکستانی یوٹیوب چینلز بلاک کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا میں مرکزی حکومت نے پاکستانی یوٹیوبرز کے 35 یوٹیوب چینلز سمیت متعدد فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کر دیے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس میں وزارت انفارمیشن اور براڈکاسٹنگ کے سیکرٹری کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے یہ فیصلہ وزارت سے موصول ہونے والے اِن پٹ کی بنیاد پر کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 35 یوٹیوب چینلز کے ساتھ دو ٹوئٹر اکاؤنٹس، دو انسٹاگرام اکاؤنٹس، دو ویب سائٹس اور ایک فیس بک اکاؤنٹ کو بھی بلاک کیا گیا ہے۔
جوائنٹ سیکرٹری کے مطابق بلاک کیے گئے اکاؤنٹ پاکستان سے چلائے جا رہے تھے اور یہ انڈیا مخالف پروپیگنڈا میں ملوث تھے۔
وزارت انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کے سیکرٹری اپورا چندرا کے مطابق یوٹیوب چینلز پر ایک کروڑ 20 لاکھ سبسکرائبرز اور ایک ارب30 کروڑ ویوز تھے۔
اس سے پہلے بھی پاکستان سے تعلق رکھنے والے 20 یوٹیوب چینلز کو بند کیا گیا تھا۔
انڈیا کے وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ کوئی بھی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل انڈیا کے خلاف سازش کرتے پایا گیا تو اسے بلاک کر دیا جائے گا۔
انڈین حکومت نے ان یوٹیوب چینلز اور ویب سائٹس پر انڈیا مخالف پراپیگنڈے اور جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔
پاکستانی یوٹیوبرز سے منسوب یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کی گئی مبینہ کارروائی کا پاکستانی ٹائم لائنز پر ذکر ہوا تو کچھ ٹویپس نے ان سے متعلق وضاحت بھی کی۔
![](/sites/default/files/pictures/January/36491/2022/screenshot_508.png)
خود کو یوٹیوبر کے طور پر متعارف کرانے والے نجم الحسن باجوہ نے لکھا ’پاکستان نے اب بھی کچھ نہ کیا تو بڑی دیر ہو جائے گی۔‘