Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پنجاب پولیس کی ایک اور کامیابی‘، آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال

ہیک کیے جانے کے بعد پنجاب پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل سے بِٹ کوائن کی پوسٹ شیئر کی گئیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس کا سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر پر ہیک کیا گیا اکاؤنٹ بحال ہو گیا ہے۔
سنیچر کی صبح پنجاب پولیس نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے شہریوں کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ہیک کیا گیا اکاؤنٹ 24 گھنٹے میں واپس حاصل کر لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس نے اکاؤنٹ کی بحالی پر سوشل میڈیا صارفین اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پولیس کے ترجمان ںے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی شہریوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی شکایات اب دوبارہ سے سوشل میڈیا پر ان کے ہینڈل کو ٹیگ کر کے درج کرا سکتے ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ان کے ٹوئٹر ہینڈل کے نو لاکھ 46 ہزار فالوورز ہیں اور وہ سوشل میڈیا کی اس ایپ پر دیگر صوبوں کی پولیس سے آگے ہیں۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین پنجاب پولیس کو مبارک باد دے ہیں اور بعض نے دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
صحافی ارشد چودھری نے اس خبر کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'پنجاب پولیس کی ایک اور کامیابی'۔
خیال رہے کہ جمعے کو پنجاب پولیس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کے بعد اس پر بِٹ کوائن کی مائننگ کی خبریں شیئر کی جا رہی تھیں۔

شیئر: