ریاض....سعودی عرب نے پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو اسلامی اتحادی افواج برائے انسداد دہشتگردی کا سربراہ مقرر کردیا۔ برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کے مطابق جنرل راحیل شریف کو 39اسلامی ممالک کی مشترکہ افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق دہشتگردی کے خلاف قائم اسلامی اتحادی افواج کی مثال اسلامی نیٹو جیسی ہے۔جنرل (ر) راحیل شریف رواں مہینے نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اسلامی اتحادی افواج کا کمانڈ سینٹر ریاض کے قریب تیار کیا جارہا ہے۔ کمانڈ سینٹر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا۔ اتحاد میں شامل افواج کے لئے سینٹر میں وسیع و عریض میدان ہونگے۔مشقوں کے لئے سینٹر میں خصوصی انتظام ہوگا۔ افواج کی رہائش کے لئے یہاں خصوصی انتظام کیاجائیگا۔ اخبار کے مطابق سعودی عرب نے اسلامی اتحادی افواج کے لئے ضروری فنڈ مہیا کررکھا ہے۔سعودی عرب کو اتحادی افواج کو فعال بنانے کیلئے ماہرین کی ضرورت ہے۔مغربی دفاعی اداروں کے ماہرین کاکہناہے کہ اسلامی اتحادی افواج کی سربراہی کیلئے جنرل (ر) راحیل شریف سے بہتر کوئی نہیں۔ جنرل راحیل شریف وسیع عسکری تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستانی افواج کی سربراہی کرچکے ہیں۔ اس عرصے میں انہوں نے دنیا بھر میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔ مغربی ماہرین کا کہناہے کہ نیٹو اتحاد سے باہر پاکستانی افواج منظم اور طاقتور مانی جاتی ہے۔