کورونا سے صحت یاب ہونے والا وائرس کا دوبارہ شکار ہو سکتا ہے؟
کورونا سے صحت یاب ہونے والا وائرس کا دوبارہ شکار ہو سکتا ہے؟
اتوار 23 جنوری 2022 5:26
وزارت صحت کا کہنا ہے طبی بنیادوں پرحتمی بات کہنا قبل از وقت ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے شفایاب ہونے والے کے دوبارہ کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے طبی بنیادوں پر تحقیق جاری ہے۔
اس حوالے سے تاحال حتمی بات کہنا قبل از وقت ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کے جسم میں اس وائرس کے خلاف کتنی مدت تک کے لیے قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے اس کا ابھی حتمی تعین نہیں کیا جا سکا۔
عاجل نیوزکے مطابق ایک شخص کی جانب سے وزارت صحت کے ٹوئٹر پر دریافت کیا گیا کہ ’کورونا سے شفایاب ہونے والے کے جسم میں اس وائرس کے خلاف پیدا ہونے والی قوت مدافعت کتنےعرصے تک رہتی ہے آیا صحت یاب ہونے والا دوبارہ اس وائرس کا شکار ہو سکتا ہے؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک اس حوالے سے حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ ایسے تمام افراد جو کورونا وائرس سے شفایاب ہو چکے ہیں ان کے جسم میں وائرس کے خلاف قوت مدافعت کتنی مدت تک کے لیے برقرار رہتی ہے تاہم وائرس کے خلاف جسمانی قوت مدافعت کے حوالے سے طبی تحقیق جاری ہے‘۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے وزارت صحت کا مزید کہناتھا کہ مملکت میں لگائی جانے والی کورونا ویکسین مکمل طورپرمحفوظ ہیں اور یہ وائرس کےحملے کی شدت کو کافی حد تک کم کرتی ہیں۔ ویکسین لگوانے والے کے جسم میں اس مرض کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔