Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین کی افواہیں، ’ہمیں اس ڈراؤنے خواب سے نکلنا ہوگا‘

سعودی ماہرین صحت نے ویکسین کے متعلق جھوٹے دعوؤں کی تردید کی ہے (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہوں کا بازار گرم ہے اور اس صورتحال نے سعودی طبی ماہرین اور معاشرے کے لیے درد سر پیدا کر دیا ہے۔
تاہم سعودی عرب نے ان افواہوں سے نمٹنے کا ایک حل نکالا ہے اور وہ ہیں کورونا ویکسین لگوانے والے سعودی شہری جو اس حوالے سے اپنے تجربات بیان کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ویکسین مخالف مواد کی وجہ سے وبائی امراض کے ماہرین اور محکمہ صحت کے حکام کی طرف سے تسلی دلانے کے باوجود سعودی شہری ویکسین لگوانے سے ہچکچا رہے ہیں۔
ویکسین لگوانے کی حمایت میں کی جانے والی مہمات بھی اس حوالے سے ناکام ہو چکی ہیں۔
جب گذشتہ برس وبا کا آغاز ہوا تو سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے مرنے والوں کے متعلق خبریں گردش کرنے لگیں، لیکن اب کچھ اور باتیں ہو رہی ہیں۔
ویکسین کے آتے ہی لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ ویکسین لگوانے سے صحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس طرح کی زیادہ تر پوسٹس ان لوگوں نے شائع کیں جن کا طب کے شعبے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سعودی ماہرین صحت نے اس طرح کے جھوٹے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بھی ٹوئٹر پیغام میں سعودی شہریوں سے کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے۔
مشاعل المطیری، جو تین بچوں کی ماں ہیں، نے خبردار کیا ہے کہ معاشرے کو اور خصوصاً بچوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسین ایک موثر ہتھیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں ویکسین کی ایک خوراک لے چکی ہوں اور ایک ہفتے کے بعد دوسری خوراک لوں گی۔ میں لوگوں سے ویکسین لگوانے کا اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ ہمارے درمیان بچے بھی ہیں جو ویکسین نہیں لگوا سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ڈراؤنا خواب والدین اور بچوں کے لیے برا ہوگا۔‘

بسمہ چاہتی ہیں کہ لوگ ویکسین لگوائیں تاکہ معاشرے میں مجموعی مدافعت پیدا ہوسکے (فوٹو: اے ایف پی)

بسمہ سعیدی کی عمر 26 برس ہے اور وہ فارمیسی کی ڈگری حاصل کر چکی ہیں۔ انہوں رواں ماہ کے آغاز میں فائزر ویکسین لگوائی تھی اور چاہتی ہیں کہ لوگ ویکسین لگوائیں تاکہ معاشرے میں مجموعی مدافعت پیدا ہوسکے۔
ویکسین لگوانا ان کے لیے اس لیے اہم ہو گیا کیونکہ کورونا کی وجہ سے ان کی دادی کا انتقال ہوگیا تھا۔ اسی چیز نے انہیں ویکسین لگوانے پر آمادہ کیا۔
ان کہنا تھا کہ ’میں اپنے پورے خاندان کو کورونا سے بچانا چاہتی ہوں۔ میں نے وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے کے لیے ویکسین لگوائی اور میں چاہتی ہوں کہ باقی سب لوگ بھی ایسا ہی کریں تاکہ وہ اپنے کسی پیارے کو نہ کھو سکیں۔‘

شیئر: