کمپنی مطلوبہ تعداد میں ویکسین مقررہ وقت پر فراہم نہیں کر سکی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
فائزر ویکسین سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو مقررہ وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو کورونا ویکسین فائزر کی پہلی خوراک کی تاریخیں دی گئی تھیں۔
کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی نے سعودی عرب سمیت دنیا کے تمام ممالک کو مقررہ وقت پر ویکسین فراہم نہیں کی مجبورا ویکسین دینے کے اوقات تبدیل کیے جا رہے ہیں۔ تبدیلی کا فیصلہ مجبورا کیا جا رہا ہے۔
وزارت صحت نے بیان میں مزید کہا کہ کورونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی۔ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں کورونا ویکسین کے مزید سینٹرز کھولے جائیں گے۔
مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور انہیں کورونا وائرس سے بچانے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔
ویکسین تیار کرنے والی کمپنی نے پروڈکشن یونٹ بڑھانے کا سلسلہ معطل کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمپنی مطلوبہ تعداد میں ویکسین مقررہ وقت پر فراہم نہیں کر سکی۔