امارات میں کورونا کے 5 لاکھ سے زیادہ نئے ٹیسٹ، 2813 نئے مریض
امارات میں کورونا کے 5 لاکھ سے زیادہ نئے ٹیسٹ، 2813 نئے مریض
اتوار 23 جنوری 2022 19:26
اتوار کو کورونا سے تین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پورے ملک میں کورونا وائرس کے 2813 نئے مصدقہ کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں۔
اماراتی خبررساں ادارے ’وام‘ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا کہ پورے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد آٹھ لاکھ 25 ہزار 699 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ اتوار 23 جنوری کو 1028 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے۔ صحت پانے والوں کی کل تعداد سات لاکھ 68 ہزار 343 ہے۔
اب تک کورونا ویکسین کی 2 کروڑ 33 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ (فوٹو: وام)
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وائرس سے مزید تین اموات ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 2214 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ پورے ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ لیے جارہے ہیں اتوار کو ان کی تعداد پانچ لاکھ 17 ہزار 107 ریکارڈ کی گئی۔
وزارت صحت نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی 32 ہزار 775 خوراکیں دی گئیں جس کے بعد اب ان کی کل تعداد دو کروڑ 33 لاکھ 13 ہزار 672 ہو چکی ہے۔