Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی ہیڈ کوچ دورۂ پاکستان سے قبل چھٹیوں پر چلے گئے

آسٹریلوی بورڈ کا کہنا ہے کہ جسٹن لانگر نے چھٹیاں دورہ پاکستان کی تیاری کے لیے لی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ ان کی ٹیم نے دورہ پاکستان کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
منگل کو کرکٹ آسٹریلیا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لانگر اور سپورٹ سٹاف نے دورہ سری لنکا سے قبل چھٹیاں لے لی ہیں تاکہ پاکستان کے دورے کی تیاریاں کی جاسکیں۔
اسی ٹویٹ میں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا اگلے ماہ سری لنکا کے دورے پر جسٹن لانگر کی جگہ ٹیم کے ہیڈ کوچ انیڈریو میکڈونلڈ ہوں گے۔
آسٹریلیا کی ٹیم 11 سے 20 فروری تک سری لنکا کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی اور ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کریں گے۔
واضح رہے تقریباً 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم تقریباً 24 سال بعد رواں سال مارچ میں پاکستان کے دورے پر آئے گی۔
آسٹریلوی اخبار ’دا سڈنی ہیرلڈ‘ کے مطابق فاسٹ بولر مچل سٹارک نے بھی انڈین پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوکر پاکستان کا دورہ کرنے کا اشارہ دیا ہے اور آسٹریلین بورڈ پاکستان اپنی پوری ٹیم بھیجنے کا خواہشمند ہے۔
مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ بھی متوقع طور پر پاکستان آنے والی آسٹریلین ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
گذشتہ برس پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں 3 ٹیسٹ میچز، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔
 شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 3 مارچ سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 12 مارچ سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیمیں 21 مارچ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ دو اپریل کو کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا واحد ٹی20 میچ 5 اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

شیئر: