آئندہ عام انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہوں گے: فواد چودھری
آئندہ عام انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہوں گے: فواد چودھری
منگل 25 جنوری 2022 14:58
فواد چودھری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے فوجداری قانون میں کئی ترامیم کی منظوری دی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مردم شماری رواں سال دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی جس کی بنیاد پر جنوری میں الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرے گا اور اگلے عام انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے۔
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ رواں سال مردم شماری ہوگی جو دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی جس کے لیے کابینہ نے ای سی سی کے پانچ ارب روپے مختص کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
'دسمبر میں مردم شماری مکمل ہونے کے بعد جنوری میں الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں پر کام شروع کرے گا جبکہ مردم شماری کے نتائج مارچ، اپریل تک عام کر دیے جائیں گے۔'
انہوں نے کہا کہ فوجداری قانون میں ترمیم کی منظوری بھی کابینہ نے دے دی ہے جس کے تحت کریمنل کیسز کا نو ماہ بھی فیصلہ کرنا لازمی ہوگا۔
'مقررہ مدت میں فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں جج چیف جسٹس کو جوابدہ ہوگا اور پراسیکیوٹر کو بھی فیصلہ نہ ہونے کی وجہ بتانا ہوگی۔'
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس کو ضمانت پر ملزم کو رہا کرنے اختیار دیا جا رہا ہے۔ پولیس کو مقدمات میں ازخود ضمانت دینے کا اختیار بڑھے گا۔ 'پلی بارگین کا معاملہ بھی فوجداری قانون میں لایا جا رہا ہے۔'
فواد چودھری نے بتایا کہ قانونی ترمیم کے بعد ایس ایچ او گریجویٹ ہوگا، اس کے کم پڑھے شخص کو ایس ایچ او نہیں لگایا جا سکے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات میں 18 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں ٹیکسٹائل کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، کوئی کمی نہیں آ رہی۔ ٹیکس محصولات کی شرح میں 32.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔