Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں جعلی اشیا کی ری پیکنگ کا کارخانہ سیل، غیر قانونی تارکین گرفتار 

کارروائی کے دوران دو لاکھ نوے ہزار سے زیادہ  اشیا ضبط کی گئی ہیں( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے غیر ملکی کارکنان کو گرفتار کیا ہے جو جعلی سامان کی ری پیکنگ کا کارخانہ قائم کیے ہوئے تھے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے جنوبی ریاض کے المنصورہ محلے میں ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا جہاں ایک عرب ملک کے غیر قانونی تارکین رہائش پذیر تھے۔
غیر ملکی تارکین نے فلیٹ کو جعلی سامان کی ری پیکنگ اور انٹرنیٹ کے ذریعے مارکیٹنگ کے ٹھکانے میں تبدیل کیا ہوا تھا۔
وزارت تجارت نے فلیٹ پر کارروائی کے دوران دو لاکھ نوے ہزار سے زیادہ  اشیا ضبط کی ہیں۔
ضبط شدہ سامان میں میک اپ کی اشیا، بچوں کا پاؤڈر اور معروف تجارتی کمپنیوں کے ایک لاکھ 70 ہزار سٹیکرز، اشیا پیک کرنے والی مشینیں اور جعلی اشیا کی مارکیٹنگ میں استعمال کیے جانے والے کمپیوٹر شامل تھے۔ 
غیر قانونی تارکین کے قبضے سے مختلف خریداروں کے ساتھ  سودوں کے بل بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ 
وزارت تجارت نے ریاض پولیس کے تعاون سے فلیٹ کو سیل  کردیا جبکہ غیر قانونی تارکین کو قانونی کارروائی کے لیے سیکیورٹی فورس کے حوالے کیا گیا ہے۔

شیئر: