Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

13 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار، 26 افراد کو 15 سال قید کی سزا

مشترکہ فورس نے گزشتہ ہفتے 13 ہزار 7 سو 80 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ( فوٹو: سبق)
غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 26 افراد گرفتار ہوئے ہیں جن میں سے ہر ایک کو جرم ثابت ہونے پر 15 سال قید اور 10، 10 لاکھ ریال کا جرمانہ ہوگا۔
غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم چلانے والی مشترکہ فورس نے گزشتہ ہفتے 13 ہزار 780 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 13 جنوری سے 19 جنوری تک  گرفتار ہونے والے غیر قانونی تارکین کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کی کل تعداد میں سے 6895 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔‘
’اسی طرح 5123 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی جبکہ 1762 افراد لیبر قوانین کی خلا ف ورزی میں ملوث تھے۔‘
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی سرحد عبور کر کے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے 391 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
’ان میں سے 30 فیصد یمنی، 62 فیصد ایتھوپین اور 8 فیصد دیگر ملکوں کے تارکین ہیں۔‘
’اسی طرح 36 ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو سرحد عبور کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔‘

شیئر: