ڈینوور، کولوراڈو ..... یہاں ایک مقامی شہری نے اپنی برگشتہ ا ور ناراض بیوی کو اب سے 20سال سے زیادہ عرصہ قبل قتل کرکے دوسری جنگ عظیم کے ایک ویٹرن کی قبر کے نیچے دفن کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ 52سالہ ملزم جان سینڈوال کو اعتراف جرم کے بعد 25سال کی سزا کا حکم سناکر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے 20اکتوبر 1995ءکو اپنی بیوی کرسٹینا کو قتل کرکے اس کی نعش اس جگہ دفن کردی تھی جو دوسری جنگ عظیم کے ایک فوجی کی تدفین کیلئے مخصوص تھی۔ اپنے مذموم مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ملزم نے فوجی کی قبر کیلئے مختص کردہ جگہ کے نیچے 2فٹ تک کھدائی کرکے بیوی کی نعش اس میں ڈالی اور اس پر مٹی کی تہہ جمادی۔ قبرستانوں کے کارکنوںنے سابق فوجی کی نعش قبرستان پہنچنے پر اطمینان کیساتھ مخصوص جگہ پر دفنا دی گئی مگر پولیس کو اور کرسٹینا کے رشتہ داروں کو برسوں تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ کرسٹینا کو کہاں چھپایا گیا ہے یا اسکی نعش کہاں ہے۔ برسوں تک راز چھپائے رکھنے کے بعد قاتل نے خود ہی اپنی حرکت کا اعتراف کرلیا اور پولیس کو ساری تفصیلات سے آگاہ کردیا۔