جعلی اشیا کی مارکیٹنگ کے الزام میں سنیپ چیٹ سٹار گرفتار
آن لائن کاروبار کے قوانین کی خلاف ورزی پر دس لاکھ ریال تک جرمانہ ہے(فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی عرب میں وزارت تجارت نے سنیپ چیٹ کی معروف شخصیت کو نقلی اور جعلی اشیا کی مارکیٹنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ’ سنیپ چیٹ سٹار نے شمالی ریاض کے دو فائیو سٹار ہوٹلز میں تین لگژری فلیٹ بک کرائے ہوئے تھے۔ یہاں سے نقلی اور جعلی اشیا کی مارکیٹنگ کی جارہی تھی۔ سامان پہنچانے کے لیے قیمتی کاریں استعمال کی جارہی تھیں‘۔
وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے لیڈیز پرس، بیگ، آرائشی زیورات، پیکنگ کا سامان اور ڈبے ضبط کرلیے۔ معروف برانڈز کے سٹیکر بھی برآمد ہوئے۔ ضبط شدہ اشیا کی مجموعی قیمت 7 لاکھ ریال سے زیادہ ہے۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ ’سنیپ چیٹ سٹار کا بیان ریکارڈ کرکے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دیا گیا ہے‘۔
وزارت تجارت نے بیان میں انتباہ کیا کہ’ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے آن لائن کاروبار کرنے والے اداروں کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہے‘۔
وزارت تجارت کے مطابق ’آن لائن کاروبار کے قوانین کی خلاف ورزی پر دس لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔ متعلقہ کاروباری مرکز کو سیل کرکے آئندہ کاروبار سے روک دیا جاتا ہے‘۔
’ جعلی اور نقلی اشیا فروخت کرنے، ذخیرہ کرنے، پیش کرنے کی سزا دس لاکھ ریال جرمانہ اور ایک سال قید ہے۔ دونوں میں سے کسی ایک سزا پربھی اکتفا کیا جاسکتا ہے‘۔