Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں ’اسلامو فوبیا‘ کے خلاف حکومتی اقدام پر عمران خان کا خیر مقدم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’آئیے ہم مل کر اس آفت کے خاتمے کے لیے کام کریں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے کینڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو کی جانب سے ’اسلاموفوبیا‘ کی روک تھام کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں وزیراعظم جسٹن ٹرودو کی جانب سے اسلاموفوبیا کی مذمت کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کے ارادے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔‘
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ’آئیے ہم مل کر اس آفت کے خاتمے کے لیے کام کریں۔‘

اس سے قبل کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’اسلاموفوبیا قابل قبول نہیں، فل سٹاپ۔‘
’ہمیں اس نفرت کو روکنے کی ضرورت ہے اور اپنی برادریوں کو کینیڈین مسلمانوں کے لیے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے ان کی حکومت نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

واضح رہے گذشتہ چند سالوں میں کینیڈا میں مسلمانوں پر کئی حملے ہوچکے ہیں۔ گذشتہ سال کینیڈا کے صوبے انٹاریو میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے چار افراد کو گاڑی تلے روند کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
اس حملے کے بعد وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’ہم لندن کی مسلم کمیونٹی اور پورے ملک میں موجود مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسلاموفوبیا کی یہاں کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
ایسے ہی ایک حملے میں جنوری 2017 میں کینیڈا کے شہر کیوبیک میں ایک مسجد پر فائرنگ کے دوران چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: