کینیڈا: گھر میں آتشزدگی سے سات پاکستانی ہلاک
آتشزدگی کے واقعے میں بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو سی بی سی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا کے صوبے البرٹا میں آتشزدگی سے پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے سات افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
البرٹا صوبے کے علاقے چیسٹر میئر میں جمعے کی صبح ایک گھر میں آگ لگنے سے سات افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
سی بی سی نیوز کے مطابق پولیس اہلکار ٹیمی کیبل کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں پانچ افراد محفوظ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔
سنیچر کو جاری ہونے والے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے جانی نقصان پر انتہائی غمزدہ ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لیے کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق ان کی ہدایت پر پاکستانی ہائی کمشنر اور وین کوور میں پاکستانی قونصل خانہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ نے متاثرہ خاندان کو تمام تر مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
سی بی سی نیوز کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں تقریباً 38 سالہ عمر کی ایک خاتون اور مرد کے علاوہ ایک 35 سالہ خاتون بھی شامل ہیں۔ جبکہ 12 سال کے دو بچے، آٹھ سالہ بچی اور ایک چار سالہ بچہ بھی حادثے کا شکار ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک گھر میں دو خاندان رہائش پذیر تھے۔
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھی سات پاکستانیوں کی المناک ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے حقائق جاننے کے لیے پاکستانی قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں ہے۔