Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی ایم ایف کے معاملے پر اپوزیشن وہی کررہی جو ہم کیا کرتے تھے‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے دھرنے اور لانگ مارچ سے کچھ نہیں نکلے گا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیرِداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چین کو پاکستان کے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ 
پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’چین ہمارا ہر موسم کا دوست ملک ہے جبکہ امریکہ سپرپاور ہے، اس کے ساتھ تعلقات رکھنا ہماری مجبوری ہے۔‘
’کسی کو خوش کرنے کے لیے کسی کو ناراض کریں، یہ سیاست نہیں ہونی چاہیے۔‘
ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ اور صدارتی نظام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات ان کے علم میں نہیں ہے اور نہ ہی کابینہ کے اجلاس میں ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا ’جو پی ٹی آئی والا صدارتی نظام کی بات کرے، تفصیلات بھی اسی سے پوچھی جائیں۔‘
شیخ رشید نے پانچ فروری کو آنے والے یوم یکجہتی کشمیر کے بارے میں بتایا کہ پاکستان اس کو بھرپور طریقے سے منائے گا۔
انہوں نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کل انڈیا نے وہاں مزید پانچ بے گناہوں کی جان لی ہے، اس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہاں کی حکومت مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک کر رہی ہے۔‘

شیخ رشید نے کہا کہ ’پاکستان یوم یکجہتی  بھرپور طریقے سے منائے گا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے مسلمان آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں یا پھر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘
آئی ایم ایف کے حوالے سے اپوزیشن کے نقطہ نظر کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’وہ وہی کر رہی ہے، جو ہم اس کے دور میں آئی ایم ایف کے پاس جانے پر کیا کرتے تھے۔‘
’آئی ایم ایف سے جان تبھی چھوٹے گی جب معیشت مضبوط ہو گی اور ملک لوٹنے والوں کو احتساب کے شکنجے میں لایا جائے گا۔‘
حزب اختلاف کی جانب سے احتجاج کے اعلانات پر شیخ رشید نے کہا کہ ’دھرنے سے کوئی فرق پڑے گا اور نہ ہی لانگ مارچ سے کچھ نکلے گا۔‘
آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ ’ان میں پاکستان تحریک انصاف بھرپور حصہ لے گی اور جیتے گی۔‘

شیئر: