Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ میں وراثت کی لڑائی شروع، اب تین گروپ بنیں گے: شیخ رشید

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت اس ملک کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔
پیر کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرس میں شیخ رشید نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کے جعلی سرٹیفیکیٹ بنانے میں نادرا کا کوئی کردار نہیں اس کے باوجود نظام کو بہتر بنانے کے لیے کہا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کل مزید پندرہ ملکوں کے شہریوں کو پاکستان میں آن ارائیول ویزے دینے کی سمری کابینہ میں پیش کر رہے ہیں۔ ان ملکوں میں امریکہ، روس، کینیڈا، ایران اور فرانس شامل ہیں۔ پہلے 50 ملک تھے اب یہ 65 ملک ہو جائیں گے جن کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا ملے گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ملک کے سیاسی حالات جوں کے توں ہیں تاہم اگلے الیکشن کے وقت نیا سیاسی ماحول ہوگا۔
’دو سال بعد ایک نیا سیاسی ماحول ہوگا، ن لیگ آپس میں خلفشار کا شکار ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دو سال پہلے کہا تھا کہ ن میں سے ش نکلے گی اب کچھ اور نکلتا دیکھ رہا ہوں۔ اب اس میں تین گروپ ہوں گے۔‘
شیخ رشید احمد کے مطابق ’ن لیگ میں وراثت کی لڑائی شروع ہو گئی ہے۔ شہباز شریف اب اس ایک نکتے پر آ گئے ہیں کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی نہ ہونے کی ضمانت دی جائے۔ شہباز شریف سے اگلے الیکشن میں دھاندلی نہ ہونے کی کمٹمنٹ کی جاتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آ رہے ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ طورخم اور چمن میں آئی بی ایم ایس لگا دیا گیا ہے تاکہ آنے جانے والوں کا ڈیٹا ہو۔ ’خوشی کی بات یہ ہے کہ واپس افغانستان جانے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔‘
شیخ رشید نے وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس کے بارے میں کہا کہ ’آج کے اجلاس میں ای پاسپورٹ کی جانب پیشرفت کا بھی جائزہ لیا ہے۔‘

شیئر: