تکذیب نکاح کی اپیل مسترد، میرا عتیق الرحمان کی بیوی قرار
ادکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کے سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا ہے۔
سیشن کورٹ نے ادکارہ میرا کا عتیق الرحمان سے نکاح نامہ بھی درست قرار دے دیا۔
عدالت نے میرا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے فیملی کورٹ کا عتیق الرحمان کو اداکارہ میرا کا شوہر قرار دینے کا فیصلہ درست قرار دے دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ ’ادکارہ میرا شادی شدہ ہیں اور عتیق الرحمان ان کے شوہر ہیں۔‘
ادکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
ان کا موقف تھا کہ فیملی کورٹ نے حقائق کے برعکس عتیق الرحمان کو ان کا شوہر قرار دیا ہے جبکہ ان کا کبھی نکاح نہیں ہوا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’عتیق الرحمان نے شوٹنگ کی تصاویر فیملی کورٹ میں پیش کر کے عدالت کو گمراہ کیا لہذا عدالت فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔‘
ایڈیشنل سیشن جج مظہر حسین نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور ادکارہ میرا کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے فیملی کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیا۔
اس سے قبل فیملی کورٹ نے بھی میرا کا نکاح نامہ درست قرار دیا تھا۔