سفارتی تعلقات میں نیا باب: ابوظبی میں ویٹیکن کے سفارتی دفتر کا افتتاح
جمعے کے روز ارچ بشپ ایڈگر پینا پارا نے سفارتی دفتر کا افتتاح کیا (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات اور ویٹیکن نے سفارتی تعلقات میں ایک نئے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے ابوظبی میں ویٹیکن کے سفارتی دفتر کا افتتاح کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کے روز ارچ بشپ ایڈگر پینا پَرا نے سفارتی دفتر کا افتتاح کیا۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے بتایا ہے کہ افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ارچ بشپ ایڈگر پینا پَرا نے کہا کہ یہ اقدام دونوں دوست ریاستوں کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔
یہ افتتاح پوپ فرانسس اور گرینڈ امام الازہر ڈاکٹر احمد ال طیب کی جانب سے انسانی بھائی چارے کی دستاویز پر دستخط کی تیسری سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے۔
اسی طرح اس اقدام کو ویٹیکن اور یو اے ای کے تعلقات کی 15 ویں سالگرہ سے بھی منسوب کیا گیا ہے۔
وام کا کہنا ہے کہ رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے کی متحدہ عرب امارات کی کوششوں کے اعتراف میں
پوپ فرانسس نے سفارتی دفتر کے افتتاح کے لیے ویٹیکن سے ایک اعلیٰ سطح وفد ابوظبی بھجوایا۔
اپنی تقریر کے اختتام پر پارا نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیر خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی تقریب میں یو اے ای کی ثقافت اور امور نوجوانان کی وزیر نورا بین محمد ال کابی نے بھی شرکت کی جبکہ وزارت خارجہ امور کے نائب وزیر و بین الاقوامی تعاون و ثقافت و سفارت کاری عمر سیف گھوباش بھی شریک ہوئے۔