Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب اس کو کیا نام دیں‘، راشد خان کو نام اور کوچ کی تلاش

راشد خان پی ایس ایل 7 میں اب تک خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے افغان کرکٹر راشد خان پاکستان سپر لیگ میں اپنے شاٹس کے لیے نام ڈھونڈنے کے خواہشمند ہیں۔
گذشتہ چند روز کے دوران دو مرتبہ اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے صارفین سے پوچھا کہ ’اسے کیا نام دیں۔‘
راشد خان کی ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والوں نے جہاں پی ایس ایل میں ان کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا وہیں بلے باز کو منفرد شاٹس کھیلنے پر خوب سراہا بھی۔
پاکستانی کرکٹر انور علی خان نے انہیں ’ملنگی‘ نام رکھنے کی تجویز دی تو کچھ دیگر کا کہنا تھا کہ ’راشد خان نے بال مس نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔‘

کلیم خان نے انہیں مشورہ دیا کہ سابق پاکستانی کرکٹر یونس خان کو بیٹنگ کوچ بنا لیں۔
صائمہ خان نے راشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’آپ جو بھی کر رہے ہیں وہ کام کر رہا ہے۔‘

لاہور قلندرز کا حصہ راشد خان اگرچہ اب تک کھیلے گئے میچوں میں کوئی خاطرخواہ کارکردگی تو نہیں دکھا سکے لیکن وہ سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کے حوالے سے خاصے فعال ہیں۔
لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل 7 میں اب تک کھیلے گئے تین میچوں کے دوران راشد خان نے 39 رنز بنائے ہیں اور وہ اب تک آؤٹ نہیں ہوئے ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں وہ تین وکٹیں ہی حاصل کر سکے ہیں۔
محض 19 برس کی عمر میں سب سے کم عمر ون ڈے ٹیم کے کپتان اور 20 برس کی عمر میں سب سے کم عمر ٹیسٹ کپتان کا اعزاز رکھتے والے راشد خان ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں صرف تین رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا انوکھا اعزاز بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 10 مارچ 2017 کو آئرلینڈ کے خلاف میچ میں انجام دیا تھا۔

شیئر: