ترک صدر کورونا وائرس کا شکار، ’یہ اومی کرون ویرئینٹ ہے‘
طیب اردغان نے کہا کہ ’ہم ڈیوٹی پر ہیں اور گھر سے کام کرتے رہیں گے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترک صدر نے سنیچر کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’آج میرا اور میری اہلیہ کا ہلکی علامات کے ساتھ کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
’شکر ہے، ہم معمولی علامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمارے علم میں آیا ہے کہ یہ اومی کرون ویرئینٹ ہے۔‘
طیب اردغان نے مزید کہا کہ ’ہم ڈیوٹی پر ہیں اور گھر سے کام کرتے رہیں گے۔ ہم آپ کی دعاؤں کے طلب گار ہیں۔‘
67 سالہ طیب اردغان نے استنبول میں ایک ٹنل کی اففتاحی تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کے بعد یہ پیغام جاری کیا۔
انہوں نے خراب موسم کا کہتے ہوئے ذاتی طور پر تقریب میں اپنی شمولیت منسوخ کر دی تھی۔
ترکی میں حال ہی میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق جمعے کو کورونا کے ایک لاکھ 11 ہزار 157 کیسز سامنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں ترکی میں یومیہ کیسز کی تعداد تقریباً 20 ہزار تھی لیکن اتنہائی متعدی اومی کرون ویرئینٹ کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ روز مہلک وائرس کی وجہ سے 248 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔