اردن میں شاہ سلمان مرکز کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری
اردن میں شاہ سلمان مرکز کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری
اتوار 6 فروری 2022 22:16
اردنی خاندانوں، شامی اور فلسطینیوں میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات منصوبے کے دوسرے مرحلے کے حصے کے طور پراردن میں موسم سرما کی کٹس کی تقسیم جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں اردن کی چیری ٹیبل آرگنائزیشن کے تعاون سےضرورت مند اردنی خاندانوں، شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں میں دو ہزار 706 کمبل اور ایک ہزار 353 موسم سرما کی کٹس تقسیم کی ہیں۔
یہ امداد اردن میں پناہ گزین خاندانوں کی تکالیف کو کم کرنے اور ان کے معاش کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کی جانب سے لاگو کیے جانے والے منصوبوں کے فریم ورک کے اندر آتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے کلینکس نے اردن کے الزعتری پناہ گزین کیمپ میں ایک دن میں 425 شامی مریضوں کو طبی خدمات فراہم کیں۔
کیمپ کے کلینک انسانی امداد کا حصہ ہیں جو شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات سعودی عرب کی جانب سے شامی پناہ گزینوں کو فراہم کرتا ہے۔
جنرل میڈیسن کلینکس میں 171 مریضوں کا علاج کیا گیا جب کہ انٹرنل میڈیسن کے ذمہ داروں نے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور دمہ کے 13 مریضوں کا علاج کیا۔
65 مریضوں نے اطفال کے مراکز کا دورہ کیا اور 21 کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں علاج کیا گیا۔ دو ڈینٹل کلینکس نے 31 مریضوں کا علاج کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.9 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔