Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں بچوں کی صحت: ڈبلیو ایچ او کے ساتھ 8 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط

کنگ سلمان مرکز نے یمن میں 647 منصوبے نافذ کیے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نےعالمی ادارۂ صحت کے ساتھ یمن میں بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے 8 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معاہدے کا مقصد پائیدار طریقے سے بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کے لیے خدمات اور بنیادی غذائی مداخلت کو بڑھانا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائزر جنرل ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ اورمشرقی بحیرہ روم کے لیے عالمی ادارۂ صحت کے علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت پانچ سال سے کم عمر بچوں میں اموات کی شرح کو محدود کرنے کے لیے ہیلتھ کیئر میں اضافہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر احمد المندھاری نے انسانیت کی خدمت اور لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے میں مسلسل تعاون کے لیے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کاشکریہ ادا کیا۔
یہ معاہدہ یمن کے صحت کے شعبے کو ترقی دینے اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کنگ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے مملکت کی طرف سے نافذ کیے جانے والے انسانی اور امدادی منصوبوں کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ یمن کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی امداد سے سب سے زیادہ مستفید ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ کنگ سلمان مرکز نے یمن میں مجموعی طور پر 3.9 بلین ڈالر سے زائد لاگت کے 647 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
مرکز کے پروگراموں میں خوراک کی حفاظت، پانی کی صفائی اور حفظان صحت، ہیلتھ، تعلیم، ہنگامی امداد اورغذائیت شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.9 ملین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: