سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ منظور
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ منظور
منگل 25 جنوری 2022 17:53
شاہ سلمان نے کورونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ کے باقاعدہ اجلاس میں شرکت اور اس کی صدارت کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے عالمی جہاز رانی، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی پھر مذمت کی ہے۔ کابینہ نے اجلاس میں متعدد دیگر فیصلے بھی کیے ہیں۔
اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے، جرائم کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے، نشہ آور اشیا کے غیر قانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودوں کی منظوری دی گئی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو کورونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ کے باقاعدہ اجلاس میں شرکت کی اور اس کی صدارت بھی کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں ’بحیرہ احمر میں عالمی جہاز رانی کی گزرگاہوں، امارات اور مملکت کی اہم تنصیبات، شہری اداروں اور شہریوں پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے حملوں کو مسترد کردیا گیا اور ان پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔‘
کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کی خاطر حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حرکت میں آنا ہوگا۔‘
کابینہ کو جنوبی سوڈان کے صدر کے شاہ سلمان کے نام مکتوب، مملکت اور متعدد ممالک کے درمیان ملاقاتوں اور مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ رابطے برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ تعاون اور دوستی کے رشتے مضبوط بنانے اور دو طرفہ تعلقات کو نئی منزلوں تک لے جانے کی غرض سے کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے جنوبی کوریا کے صدر کے دورہ مملکت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ان کے مذاکرات کے نتائج کا بھی جائزہ لیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے مختلف سطحوں پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔ یمنی بھائیوں کی مدد کے لیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی انسانی خدمات کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
ڈاکٹر القصبی نے بتایا کہ ’کابینہ میں سوڈان، محبان سوڈان، ممالک کے نمائندوں اور سعودی عرب، امارات، برطانیہ اور امریکہ پر مشتمل چار ملکی گروپ کے کے نمائندہ اجتماع کے نتائج بھی زیر بحث آئے.‘
مملکت نے براہ راست سرمایہ کاری کے سلسلے میں تعاون کے لیے کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے سربراہ کو ملائیشیا کے ساتھ حلال مصنوعات کے سرٹیفکیٹ کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔
کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون کے معاہدے کے لیے مسودے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں عالمی تنظیم سیاحت اور مملکت کی وزارت سیاحت کے درمیان تعاون کے معاہدے کی منظوری بھی دی گئی۔