Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیرداخلہ پاکستان پہنچ گئے، ’قیدیوں کی واپسی بنیادی ایجنڈا‘

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن النائف آج (پیر کو ) پاکستان  پہنچ گئے ہیں۔
وزرات داخلہ کی جانب  سے پیر کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے نور خان ایئر بیس پر سعودی ہم منصب اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن بن سعود بن نائف کے ساتھ چھ رکنی اعلیٰ سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔
وہ پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ سعودی وزیر داخلہ اس دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی وزیر داخلہ آج وزارت داخلہ کا دورہ کریں اور پاکستان وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں خطے کی صورت حال سمیت سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہو گی۔
قبل ازیں عرب نیوز نے شیخ رشید کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ سعودی وزیرداخلہ کے ساتھ بات چیت کا بنیادی ایجنڈا سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق ہو گا۔

سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن بن سعود بن نائف کے ساتھ چھ رکنی اعلیٰ سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ (فوٹو: پاکستانی وزارت داخلہ)

گذشتہ ماہ سعودی عرب نے ان معاہدوں کی توثیق کی تھی جو قیدیوں کی وطن واپسی سمیت منشیات اور انسانی سمگللنگ کی روک تھام میں مددگار ہوں گے۔
ان معاہدوں پر گذشتہ برس اس وقت دستخط ہوئے تھے جب مئی میں عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
اس سے قبل اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ’کل سعودی عرب کے وزیر داخلہ وزارت داخلہ کی دعوت پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے خوش کن ہو گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کو برادر اسلامی ممالک سے واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ کو دعوت دے رہے ہیں جہاں جہاں پاکستان کے قیدی موجود ہیں اور ایسا وزیراعظم کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔‘
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کو برادر اسلامی ممالک سے واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں کہ جو لوگ برادر اسلامی ممالک میں جرمانے ادا نہ کر سکنے کے باعث قید ہیں، ان کا جرمانہ ادا کر کے رہائی کا انتظام کرایا جائے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ا کہ پاکستان ترکی سے پہلے ہی بہت سے قیدیوں کو محفوظ طور پر رہا کروایا ہے۔
انہوں نے قطر، بحرین اور کویت کے حکام کی جانب سے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے بارے میں بھی بتایا تھا۔

شیئر: