Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیفی بھائی پاگل ہو گئے جیسن روئے کے پیار میں‘

جیسے روئے نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بنائی (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے مرحلے کا آخری میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوا تو اب تک کے نتائج کو دیکھتے ہوئے بہت کم شائقین کو کوئٹہ سے بہتر نتیجے کی توقع تھی۔
ابتدائی اننگز میں لاہورقلندرز نے 204 رنز بنا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 205 رنز کا ہدف دیا تو جوابی اننگز میں کسی انہونی کی توقع اور کم ہو گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز شروع ہوئی تو پاورپلے کے دوران ہی گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز کے عزائم سے واضح تھا کہ معاملہ کچھ اور ہونے جا رہا ہے۔
یہ بات اس وقت سچ ہو گئی جب جیسن روئے نے 57 گیندوں پر 8 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بنا ڈالے۔
عمدہ بیٹنگ پر جہاں جیسن روئے کا نام اور کوئٹہ ٹرینڈز پینل کا حصہ بنے وہیں ٹویپس نے اپنی گفتگو کے دوران دل کھول کر میمز کا استعمال کیا۔
پیر کو ہونے والے میچ سے قبل میدان میں اپنے غصے اور جھنجھلاہٹ کی وجہ سے خصوصی توجہ پانے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے جذبات کا ذکر ہوا تو بات بالی وڈ فلموں تک جا پہنچی۔

ایک ٹویپ نے سرفراز احمد کی تصاویر پر کیپشن سجا کر شیئر کیے تو جیسن روئے سے متعلق ان کے خوشی بھرے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے گانے کے بولوں کا سہارا لیا۔
سرفراز احمد کے جذبات سے متعلق میم نے دیگر صارفین سے تعریف سمیٹی تو ماہم گیلانی نے اسے برمحل بھی قرار دیا۔

اپنی یادگار اننگز کے ساتھ جیسن روئے پی ایس ایل میں پہلے ایسے بلے باز بنے ہیں جنہوں نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کے دوران سنچری اننگز کھیلی ہے۔
گلیڈی ایٹرز کے بلے باز کی اننگز کے جواب میں لاہور قلندرز کی کیفیت میمز کا موضوع بنی تو سوال ہوا ’باس میں نے آپ کو بولا کیا ہے؟‘

جیسن روئے نے 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی تو یہ جہاں پاکستان سپر لیگ سیون کی تیز ترین سنچری اننگز بنی وہیں اب تک ہونے والے پی ایس ایل کے تمام سیزنز میں دوسری تیز ترین سنچری قرار پائی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کے خلاف میچ سات وکٹوں سے جیتا تو یہ پی ایس ایل میں اب تک کا ہدف کا سب سے بڑا تعاقب رہا۔
پیر کو ہونے والے میچ کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی رہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں تیسری مرتبہ 200 رنز کا ہدف حاصل کیا اور تینوں مرتبہ مخالف ٹیم لاہورقلندرز تھی۔

شیئر: