’سعودی وزیرداخلہ سے ویزہ اور عمرہ زائرین کے حوالے سے بات کی‘
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے سعودی عرب میں موجود مطلوب افراد کی پاکستان واپسی کے علاوہ ویزوں کے معاملات پر بھی بات کی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی مہمان سے پاکستانی عازمین حج اورعمرہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کی امیگریشن پاکستان میں ہی کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیرداخلہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سوموار کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرداخلہ شیخ رشید سے ملاقاتیں کی تھیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی ہم منصب سے قیدیوں کے تبادلے پر بات کرتے ہوئے سعودی عرب میں موجود مطلوب ملزمان کی پاکستان واپسی پر بات کی ہے اس کے علاوہ باہمی ویزا کے امور پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔
گذشتہ پیر کو سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف ک وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر پہنچے تھے جہاں سب سے پہلے انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ملاقات کے بعد پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔ اس موقع پر سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات بھی وزیراعظم کو پہنچائے۔
انہوں نے سعودی قیادت کی طرف سے پاکستان، پاکستانی حکومت اور عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور برادر ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون کی مختلف جہتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ددورے کے دروان سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔