Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رنبیر سے شادی ہوئی تو کوئی یقین نہیں کرے گا: عالیہ

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ پہلی مرتبہ فلم میں اکٹھے نظر آئیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے ساتھی فلم سٹار رنبیر کپور کے ساتھ شادی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب حقیقت میں شادی ہوگی تو لوگ اسے افواہ سمجھ کر نظرانداز کردیں گے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی شادی سے متعلق اس قدر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جب واقعی میں شادی ہوگی تو لوگ اس حقیقت کو مسترد کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’لیکن ایسی صورت حال ان کے لیے بہت اچھی ہوگی۔‘
عالیہ بھٹ نے شادی کی افواہیں پھیلانے والوں کو اس جھوٹے چرواہے کے مترادف ٹھہرایا جو ’بھیڑیا آگیا بھیڑیا آگیا‘ کے نعرے لگاتا رہتا تھا اور جب اصل میں بھیڑیا آیا تو کسی نے اس کے اعلان پر یقین ہی نہیں کیا۔
خیال رہے کہ سال 2020 میں رنبیر کپور نے کہا تھا کہ ’اگر کورونا نہ پھیلا ہوتا تو ان کی عالیہ بھٹ سے شادی اب تک ہوچکی ہوتی۔‘
گذشتہ سال فلم براہمسترا کی لانچ کے موقع پر رنبیر کپور سے جب سوال کیا گیا کہ وہ عالیہ بھٹ یا کسی اور سے کب شادی کریں گے تو انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ برس کئی لوگوں کی شادیاں ہوئیں۔ میرے خیال میں ہمیں اسی پر خوش ہونا چاہیے۔‘
جلد ہی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور فلم براہمسترا میں پہلی مرتبہ اکٹھے نظر آئیں گے۔ اس فلم میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھی کردار ادا کیا ہے جبکہ شاہ رخ خان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ’وہ مختصر کردار کے لیے جلوہ گر ہوں گے۔‘
فی الحال عالیہ بھٹ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑ کی ریلیز کی تیاریاں کررہی ہیں جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

شیئر: