پرینک ویڈیو، ’اگر سارہ کے ساتھ ایسا مذاق کیا تو کیا ہوگا؟‘
سارہ علی خان نے اپنے مداحوں کے ساتھ بات چیت کے سیشن میں سوالات کے جواب دیے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان کو ان کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جمعرات کو سارہ علی خان نے انسٹاگرام پر ایک اپنے مداحوں کے ساتھ بات چیت کے سیشن کا آغاز کیا جس میں انہوں نے اپنے فینز کے سوالات کے جواب دیے۔
جب سارہ علی خان کے ایک پرستار نے ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے کسی کے ساتھ بدترین پرینک (مذاق) کیا تو اس کے جواب میں سارہ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سوئمنگ پول میں اپنے ساتھ کھڑی لڑکی کو دھکا دے رہی ہیں۔
سارہ نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’یہ جھارو، میری سپاٹ گرل ہے۔‘
ویڈیو میں پہلے سارہ علی خان اور ان کی سپاٹ گرل جھارو سوئمنگ پول کے سامنے تصویر کھچواتی دکھائی دیتی ہیں کہ اچانک سارہ جھارو کو تالاب میں دھکیل دیتی ہیں اور ہنسنے لگتی ہیں جس کے بعد وہ بھی تالاب میں کود جاتی ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سارہ کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا، بعض صارفین کا خیال ہے کہ ’یہ مضحکہ خیز نہیں ہے۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’سارہ سے اس کی امید نہیں تھی۔‘
ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ ’اگر سارہ کے ساتھ ایسا (مذاق) کیا گیا تو کیا ہوگا۔‘
سارہ اداکار سیف علی خان اور ان کی پہلی بیوی امریتا سنگھ کی صاحبزادی ہیں۔ وہ آخری بار آنند ایل رائے کی فلم ’اترنگی رے‘ میں اداکار دھنوش اور اکشے کمار کے ساتھ نظر آئی تھیں۔