Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل نیلامی میں انڈین کرکٹر ایشان کشن 35 کروڑ روپے سے زائد میں نیلام

دیپک چہار کو چنئی سپر کنگ نے 13 کروڑ 93 لاکھ سے زائد انڈین روپے میں خریدا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین کرکٹ کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ایشان کشن کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نئے ایڈیشن کے لیے ہونے والی نیلامی میں 15 کروڑ سے زائد انڈین روپے (35 کروڑ سات لاکھ پاکستانی روپے) میں خریدا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو بینگلور میں ہونے والے نیلامی کے پہلے دن پانچ دفعہ کی فاتح ممبئی انڈینز نے زبردست بولی کی جنگ میں 23 سالہ وکٹ کیپر بلے باز کو دوبارہ خرید لیا۔
نیلامی کرنے والے ہیو ایڈمیڈز نے گرنے کے بعد درمیان میں ہی ریٹائرمنٹ لے لی۔
10 ٹیمیں جن میں لکھنئو سپر جائنٹس اور گجرات کی ٹائٹنز کی صورت میں نیا اضافہ ہوا ہے، دو دنوں میں تقریباً ساڑھے سات کروڑ ڈالر (13 ارب 15 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) خرچ کریں گی۔
ایشان کشن کی فیس سنہ 2015 کی نیلامی میں یوراج سنگھ کو ادا کیے گئے 22 لاکھ ڈالر سے کم ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایل پی کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے کرس مورس ہیں جنہیں گذشتہ سال 22 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں خریدا گیا تھا۔

شریاس ایئر کلکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ بن گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایشان کشن کے بعد دوسرا نمبر بولنگ آل راؤنڈر دیپک چہار کا ہے جنہیں چنئی سپر کنگز نے 13 کروڑ 93 لاکھ سے زائد انڈین روپے (32 کروڑ 43 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں خریدا ہے۔
شریاس ایئر جن کے 80 رنز کی بدولت جمعے کو انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کیا تھا، کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 12 کروڑ 20 لاکھ سے زائد انڈین روپے (28 کروڑ 40 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں خریدا۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز بھی دوبارہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان کے لیے کولکتہ نے تقریباً سات کروڑ 53 لاکھ انڈین روپے (17 کروڑ 53 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) خرچ کیے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کا شمار دنیا کے سب سے مہنگے کرکٹ ٹورنامنٹس میں ہوتا ہے۔

شیئر: