آئی پی ایل نیلامی میں کن کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ بولی لگے گی؟
آئی پی ایل نیلامی میں کن کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ بولی لگے گی؟
جمعرات 10 فروری 2022 16:04
آئن مورگن کی حالیہ بیٹنگ فارم نے پریشانی پیدا کر دی ہے۔ (فائل فوٹو: آئی پی ایل)
رواں ہفتے کرکٹ کی دنیا کے چند بڑے ناموں سمیت 590 کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی دو روزہ نیلامی کا حصہ بنیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارچ کے آخر میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے 10 ٹیمیں بنگلور میں ہونے والی نیلامی میں پانچ کھلاڑیوں کی بڑی بولی لگائیں گی۔
ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا)
بائیں بازو کے جارحانہ مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر نے گذشتہ سال اپنی پرفامنس سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
35 سالہ وارنر کو وبا سے متاثر ہونے والے آئی پی ایل کے پہلے مرحلے میں کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا اور پھر ریلیز کر دیا گیا۔
لیکن ٹی 20 ورلڈ کپ میں 289 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر ابھی بھی لیگ کے 10 بڑے کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی بیس پرائس دو لاکھ 67 ہزار ڈالر ہے۔
کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان رہنے والے آئن مورگن نے گذشتہ سال اپنی ٹیم کو آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچایا تھا لیکن ان کی ٹیم چنئی سپر کنگ سے ہار گئی تھی۔ جس کے بعد مورگن کو ریلیز کر دیا گیا تھا۔
ان کے جارحانہ مزاج اور عمدہ قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پوری دنیا کی وائٹ بال ٹیموں کی نظریں ان پر رہی ہیں لیکن ان کی حالیہ بیٹنگ فارم نے ان کے لیے پریشانی پیدا کر دی ہے۔
آئن مورگن نے آئی پی ایل کے پچھلے ایڈیشن میں 17 میچوں میں صرف 133 رنز بنائے تھے لیکن انگلینڈ کے بین سٹوک جیسے سٹارز کی عدم موجودگی میں وہ نیلامی میں ایک عمدہ انتخاب ہو سکتے ہیں۔ ان کی بیس پرائس دو لاکھ ڈالر ہے۔
جیسن ہولڈر (ویسٹ انڈیز)
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان جیسن ہولڈر آج کل بھرپور فارم میں ہے اور گذشتہ ماہ انگلینڈ کے ساتھ ہونے والے ٹی20 میچ میں انہوں نے چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔
انڈیا کے ساتھ ہونے والے پہلے میچ میں بھی انہوں نے 58 رنز بنائے لیکن بدقسمتی سے ان کی ٹیم جیت نہ سکی۔
چھ فٹ سے زائد قد والے ہولڈر کی بیس پرائس دو لاکھ ڈالر سے زائد ہے اور وہ چنائی، کلکتہ اور حیدرآباد کی ٹیموں سے کھیل چکے ہیں۔ امید ہے کہ اس نیلامی میں ان کا پے چیک زیادہ پرکشش ہوگا۔
شاہ رخ خان (انڈیا)
بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان، جو کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک بھی پیں، کے ہم نام شاہ رخ خان نے اپنے ٹیلنٹ سے کرکٹ کے حلقوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
مڈل آرڈر بلے باز نے ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ میں آخری بال پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم تامل ناڈو کو کامیابی دلوائی تھی۔ ان کا 50 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 136 کا سٹرائیک ریٹ ہے۔
26 سالہ شاہ رخ کو حال ہی میں ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے انڈین ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور وہ اس نیلامی میں آئی پی ایل کے کروڑ پتی کلب میں داخل ہو سکتے ہیں۔
کگیسو ربادا (جنوبی افریقہ)
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے تیز رفتار بولر نے دہلی کیپٹل کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2020 میں دہلی کے فائنل میں پہنچنے میں ربادا کا کردار اہم تھا جنہوں نے 30 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
26 سالہ ربادا عالمی کرکٹ کے چند حقیقی تیز گیند بازوں میں سے ایک ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی پرائس بیس دو لاکھ 67 ہزار ڈالر کا جواز پیش کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ ٹیمیں ان کے لیے بڑی رقم خرچ کریں گی۔