Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: آئی پی ایل میچز انڈیا سے باہر کرانے کی تجویز

آئی پی ایل کی منسوخی سے انڈین بورڈ کو 500 ملین ڈالر نقصان ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین برجیش پٹیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا میں کمی نہ ہوئی تو انڈین پریمیئر لیگ کو کسی اور ملک منتقل کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ اگلے دو ماہ میں حالات بہتر نہ ہوئے تو انڈین پریمیئر لیگ کے میچز انڈیا کے علاوہ کسی اور ملک میں کھیلے جائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ہی میچز کھیلنے کو تر جیح دی جائے گی لیکن اگر صورت حال بہتر نہ ہوئی تو پھر دیگر آپشنز پر بھی غور کیا جائے گا۔
انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کے کیسز انڈیا کے بڑے شہروں ممبئی، دہلی اور چنئی میں سب سے زیادہ ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ منافع کمانے والے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے میچز صرف دو مرتبہ انڈیا سے باہر منعقد ہوئے ہیں۔ 2009 میں جنوبی افریقہ نے آئی پی ایل کی میزبانی کی تھی جبکہ 2014 میں متحدہ عرب امارات میں یہ میچز منعقد ہوئے تھے۔
اس سال سری لنکا کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے ایک مرتبہ پھر آئی پی ایل کے میچز منعقد کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پٹیل کا کہنا تھا کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ منعقد ہوگا، اس سے پہل ستمبر اور اکتوبر میں آئی پی ایل کے میچز منعقد کروانے کے لیے موقع تلاش کیا جائے گا۔ 

آئی پی ایل ٹورنامنٹ 29 مارچ کو شروع ہونا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

ورلڈ کپ کے حوالے سے فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ فی الحال کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ پلان کے مطابق ہی تمام میچز منعقد ہوں۔ 
بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے میچز عموماً سات ہفتوں تک جاری رہتے ہیں لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے مختصر مدت کے لیے کھیلے جائیں گے۔
آئی پی ایل ٹورنامنٹ 29 مارچ کو شروع ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کے باعث تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ کی بھرپور کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ اسی سال منعقد کیا جائے۔
گنگولی کے مطابق کرکٹ بورڈ اسی سال ٹورنامنٹ منعقد کروانا چاہتا ہے چاہے خالی سٹیڈیم میں ہی کیوں نہ کھیلا جائے۔
انڈین پریمیئر لیگ کی منسوخی کی صورت میں کرکٹ بورڈ کو 500 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا۔ آئی پی ایل کے ذریعے انڈین معیشت کو11 ارب ڈالر سے زیادہ کا فائدہ ہوتا ہے۔

شیئر: