الباحہ.... ریجنل بلدیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 250کلو گرام غیر معیاری اشیائے خورونوش ضبط کرکے تلف کردیں۔ سبق نیوز کے مطابق بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے مختلف ہوٹلوں ، کیفے ٹیریا، سبزی فروش اور گوشت کی دکانوں پر چھاپے مارے۔ جہاں سے غیر معیاری اشیائے خورونوش بڑی مقدار میں ضبط کرکے دکان مالکان کے خلاف چالان کاٹ دیئے۔ الباحہ ریجن کے ڈائریکٹر بلدیہ ڈاکٹر علی بن محمد السواط نے کہا ہے کہ بلدیہ کی ٹیمیں مختلف علاقوں کا دورہ کرتی رہیں گی تاکہ غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت کو روکا جاسکے۔ اس ضمن میں ریجنل ڈائریکٹر نے مقامی شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ بلدیہ کی ٹیموں سے تعاون کریں جہاں بھی انہیں غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش فروخت ہوتی دکھائی دیں وہ بلدیہ کے ایمرجنسی نمبر940پر کال کرکے مطلع کریں۔