Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ ناکام بنا دی

ایمبولینس میں سے 25 کلو گرام کی چرس برآمد ہوئی۔ (فوٹو: کراچی پولیس)
بلوچستان کے علاقے اوتھل سے کراچی آنے والی ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ کو پولیس نے ناکام بنا دیا ہے۔
پولیس کے مطابق اتوار کو مخبر کی اطلاع پر ناکہ لگایا گیا اور حب ریور روڑ موچکو لکی چورنگی کے قریب پولیس نے ایمبولینس کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے ایمبولینس سے چرس کی برآمدگی کے ساتھ ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم نے یہ منشیات ایمبولینس کی پچھلی سیٹوں اور اسٹریچر کے نیچے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی۔
برآمد ہونے والی چرس 20 عدد پیکٹس پر مشتمل ہے جبکہ مجموعی مقدار 25 کلو گرام بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایمبولینس میں خفیہ خانے خصوصی طور پر منشیات کی سمگلنگ کے لیے ہی بنائے گئے تھے۔
ایمبولینس پر شہباز ویلفیئر ایسوسی ایشن پنجاب کا نام تحریر تھا۔
پولیس کی جانب سے منشیات کے ساتھ گرفتار ہونے والے ملزم کا نام سلیم امین بتایا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کی خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

شیئر: