امارات: گولڈن اقامے کے امیدواروں کے لیے ہیلتھ انشورنس کے نئے ضابطے
اس کا مقصد ابوظبی میں رہنے میں سہولت پیدا کرنا ہے- (فوٹو الامارات الیوم)
ابوظبی محکمہ صحت نے گولڈن اقامہ کے امیدواروں کے لیے ہیلتھ انشورنس کے نئے ضابطے جاری کر دیے۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ صحت نےابوظبی میں ادارہ فروغ معیشت کے ماتحت ابوظبی تارکین ادارے کے تعاون سے ہیلتھ انشورنس کے نئے ضابطے جاری کر دیے۔
نئے ضوابط کا مقصد اندرون و بیرون ملک سے گولڈن اقامہ کی کارروائی کو آسان بنانا اور ابوظبی میں رہنے کے لیے آنے میں سہولت پیدا کرنا ہے۔
محکمہ صحت نے ہیلتھ انشورنس کو دو زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے زمرے میں ابوظبی میں برسر روزگار غیرملکیوں کو رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت قانون صحت کے بموجب آجر حضرات اپنے کارکنان کی ہیلتھ انشورنس کے اخراجات برداشت کرتے رہیں گے۔
دوسرے زمرے میں گولڈن اقامہ کے ان امیدواروں کو شامل کیا گیا ہے جو پہلے زمرے میں نہیں آتے۔ ان کے لیے یہ ضروری قرار دیا گیا ہے کہ وہ امارات میں قیام کے دوران اپنا اور اپنے اہل خانہ کا ہیلتھ انشورنس موثر سرٹیفکیٹ پیش کریں۔
اگر گولڈن اقامہ کا اجازت نامہ طلب کرنے والے کے پاس ہیلتھ انشورنس نہیں ہوگا تو اسے اقرار نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ پہلی فرصت میں ہیلتھ انشورنس سکیم حاصل کرلے گا ورنہ ضرورت پڑنے پر اسے اپنے علاج اور صحت خدمات کے جملہ اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں