فیصل واوڈا نے نااہلی کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں کہا کہ نااہلی کی درخواست سننا اس کا اختیار نہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
منگل کو تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے وسیم سجاد ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
گذشتہ ہفتے نو فروری کو الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر نااہل قرار دیا تھا اور ان کی سینیٹرشپ کا نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔
دائر کیے گئے درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن میں بارہا کہا کہ نااہلی کی درخواست سننا اس کا اختیار نہیں۔‘
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ’الیکشن کمیشن کو یہ بھی بتایا کہ جان بوجھ کر ایسا کوئی جھوٹا بیان حلفی نہیں دیا۔‘
الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ فیصل واوڈا جھوٹا حلف نامہ جمع کراوانے کے مرتکب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا 2018 کا الیکشن لڑنے کے وقت اہلیت نہیں رکھتے تھے۔
فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔