Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے امریکی کوششوں کے ساتھ ہیں: سعودی کابینہ

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے امریکہ کی کوششوں کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا‘۔ 
کابینہ کا اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ خطے میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیموں کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے‘۔ 
کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی چاہتا ہے اور وہاں امن و ترقی کے لیے کوشاں ہے‘۔  
اجلاس میں  بتایا گیا کہ ’گزشتہ دنوں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد سے متعدد ممالک کے قائدین نے رابطے کیے۔ دوطرفہ تعلقات، انہیں فروغ دینے کے طریقوں، مشترکہ مفادات کے لیے انہیں موثر بنانے، خطے اور دنیا میں امن و استحکام کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا‘۔ 
کابینہ نے کہا کہ ’مملکت کی خواہش ہے کہ خطے میں کشیدگی کے اسباب دور ہوں‘۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ کابینہ میں مختلف سطحوں پر حالات حاضرہ زیر بحث آئے۔ مملکت نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی کوشش کے خلاف برادر اور دوست ممالک نیز علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے ردعمل اور مذمت پر اظہار تشکر کیا‘۔ 
کابینہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ’ سعودی عرب یمن میں خلیجی فارمولے، اس کے لائحہ عمل، جامع قومی مکالمے کی قراردادوں اور اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 کے مطابق یمنی بحران کے مکمل سیاسی حل تک رسائی چاہتا ہے‘۔

 کابینہ نے کہا کہ مملکت کی خواہش ہے کہ خطے میں کشیدگی کے اسباب دور ہوں( فوٹو ایس پی اے)

اجلاس میں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ بحرین اور مملکت کو جوڑنے والے کنگ فہد پل سے گزرنے والے مسافروں کے ہیلتھ پاسپورٹ کو موثر بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔ 
کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی کی مجلس انتظامیہ کی تشکیل سے متعلق ضوابط کی دفعہ 4 میں ترمیم کی گئی ہے۔
 مملکت میں وکالت کے پیشے کے لیے غیرملکی لافرم کے لائسنس سے متعلق سابقہ قانون میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
سعودی عرب نے وزیر خزانہ کو بینک (ڈال 360) کا لائسنس جاری کرنے کا اختیار تفویض کیا ہے۔
کابینہ نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال حج موسم 1443ھ کے لیے قربانی پروجیکٹ کےلیے عارضی عملے کے ویزے کی فیس سرکاری خزانے سے ادا کی جائے  گی۔ 

شیئر: