سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے کہا کہ’ ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس منانے کا فیصلہ اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ اپنی ریاست کی مضبوط جڑوں سے جڑے ہوئے ہیں‘۔
کابینہ نے تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ولی عہد کے ساتھ مذاکرات کے نتائج، دونوں ملکوں کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پر متفق ہونے کا خیر مقدم کیا۔
کابینہ نے کویت میں عرب وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کی قراردادوں کا جائزہ لیا۔ سلطنت عمان اور مملکت کے درمیان جہاز رانی کے معاہدے کے لیے مذاکرات کا بھی عندیہ دیا۔
کابینہ نے یمن سے منتعلق پانچ ملکی کمیٹی کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں یمنی عوام کو متواتر جارحیت کا نشانہ بنانے اور مملکت نیز امارات پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں ایجنڈے پر موجود تمام امور کی بابت رپورٹیں پیش ہوئی ہیں۔
کابینہ نے وزیر خارجہ کو جمہوریہ سلوانیا کے ساتھ تعاون کے جنرل معاہدے میں ترمیم کے لیے بات چیت کا اختیار تفویض کیا۔
وزیر مواصلات کو سنگاپور کے ساتھ ڈیجیٹل اکانومی، ای گورنمنٹ اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔
وزیر صنعت و معدنیات کو جنوبی افریقہ کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات کو عمان کے ساتھ جہازرانی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کے اختیارات تفویض کیے گئے۔
سعودی کابینہ نے مراکش کے ساتھ قومی ڈیٹا کے تحفظ کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری بھی دی ہے۔
کابینہ نے روس کے ساتھ کاپی رائٹ کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کا اختیار سعودی کاپی رائٹ اتھارٹی کے چیئرمین کو تفویض کیا ہے۔
کابینہ نے وزارت سیاحت کو شعبہ سیاحت سے تعلق رکھنے والی بلدیاتی خلا ف ورزیوں کے حوالے سے کارروائی کا اختیاردیا ہے۔
اجلاس میں غیرمنقولہ جائدادوں کے فروغ فنڈ اورعسکری صنعتوں کے اعلی ادارے کے آڈٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔