اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر میں بنگلہ دیشی نمائندے کی تعیناتی
اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر میں بنگلہ دیشی نمائندے کی تعیناتی
منگل 15 فروری 2022 20:19
اب تک 27 ممالک اپنے نمائندے تعینات کرچکے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے صدر دفتر ریاض میں منگل کو بنگلہ دیش کے نمائندے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی نمائندے کے تقرر کے بعد اتحاد میں شامل ان مسلم ممالک کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے جو ہیڈکوارٹر میں اپنے نمائندے تعینات کرچکے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے قائم مقام سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعد المغیدی نے بنگلہ دیش کے نمائندے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ’ وہ رکن ملکوں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے انسداد میں اپنا کردارادا کریں گے‘۔
یاد رہے کہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے رکن ممالک کی تعداد 41 ہے۔ تمام ممالک شدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
اتحاد کا نصب العین عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔