Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ اینڈریو کا جنسی حملے کے مقدمے میں ’مالی شرائط پر تصفیہ‘

اس تنازع سے برطانوی شاہی خاندان کو کافی شرمندگی اٹھانی پڑی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی عدالت میں دائر کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے شہزادہ اینڈریو اور ان پر طویل عرصے سے الزام عائد کرنے والی ورجینیا جُفرے کے درمیان نامعلوم رقم کے عوض جنسی حملے کے مقدمے پر تصفیہ ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو فریقین کی جانب سے نیویارک کے جج کو بھیجے گئے خط میں ورجینیا جُفرے کے وکیل ڈیوڈ بوئز نے مالی شرائط کو ظاہر کیے بغیر لکھا ہے کہ ’ان کا عدالت سے باہر تصفیہ ہوگیا ہے۔‘
ڈیوڈ بوئز نے کہا ہے کہ معاہدے کے ایک حصے کے طور پر برطانوی شاہی خاندان کے رکن ورجینیا جُفرے کے قائم کردہ ایک خیراتی ادارے کو ’بڑا عطیہ‘ دیں گے جو سیکس ٹریفکنگ کے متاثرین کی مدد کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ورجینیا جُفرے نے الزام عائد کیا تھا کہ ’جب وہ 17 سال کی تھیں اور امریکی قانون کے مطابق نابالغ تھیں، تو ان کا شہزادہ اینڈریو کے ساتھ جنسی تعلق قائم ہوا تھا۔‘
ان کے مطابق ’وہ شہزادہ اینڈریو سے امریکی فنانسر جیفری ایپسٹین کے توسط سے ملی تھیں، جنہوں نے جنسی جرائم کے مقدمے کی سماعت کے دوران جیل میں خودکشی کر لی تھی۔‘
برطانوی شہزادے پر اس حوالے سے کوئی مجرمانہ دفعات نہیں لگائی گئیں اور انہوں نے ان الزامات سے انکار کیا ہے۔

ورجینیا جُفرے نے الزام عائد کیا تھا کہ ’ان کا شہزادہ اینڈریو کے ساتھ 17 سال کی عمر میں جنسی تعلق قائم ہوا تھا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

تصفیے کا مطلب ہے کہ اب یہ سول کیس ٹرائل کے لیے جیوری کے پاس نہیں جائے گا اور 61 سالہ شہزادہ اینڈریو کو حلف اٹھا کر ورجینیا جُفرے کے وکیلوں کے سوالات کے جوابات بھی نہیں دینے پڑیں گے۔
تاہم اس تنازع سے برطانوی شاہی خاندان کو کافی شرمندگی اٹھانی پڑی ہے اور گذشتہ مہینے اسی وجہ سے شہزادہ اینڈریو سے ان کے فوجی اور شاہی اعزازات واپس لے لیے گئے تھے۔
ڈیوڈ بوئز نے مین ہٹن کی عدالت میں دائر کی گئی دستاویز میں مزید کہا کہ متعلقہ فریقین ’تصفیہ کے مطابق وصولی‘ کے بعد 30 دنوں کے اندر مقدمہ خارج کرنے کی شرط درج کریں گے۔

شیئر: