Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین گلوکار بپی لہری کا سونا اور مائیکل جیکسن سے ملاقات

بپی لہری کی ملاقات مائیکل جیکسن سے 1996 میں ہوئی تھی۔ (تصویر: ٹائمز آف انڈیا)
انڈین گلوکار اور موسیقار بپی لہری بدھ کو 69 سال کی عمر میں ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے اور آج جمعرات کو ان کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئی ہیں۔
بپی لہری نے بالی وڈ کی سینکڑوں فلموں کے لیے نہ صرف گانے گائے بلکہ کئی بڑی فلمیں صرف ان کی موسیقی کے سبب فلموں کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنیں۔
لیکن ان کے گانوں کے علاوہ ایک چیز اور تھی جو انہیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنائے رکھتی تھی اور وہ تھی ان کے گلے اور ہاتھوں میں موجود سونے کے زیورات۔
’ہندوستان ٹائمر‘ کے مطابق اپنے ایک پرانے انٹرویو میں بپی لہری نے سونے کے زیورات پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سونا ان کے لیے خوش قسمتی کی علامت ہے۔
بپی لہری کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں ایک سونے کی چین تحفے میں دی تھی جس کے بعد انہیں 1975 میں پہلی بلاک بسٹر فلم ’زخمی‘ کے لیے میوزک بنانے کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب میری والدہ نے مجھے چِین دی تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ تمہارے لیے خوش قسمتی لائے گی۔‘
آنجہانی موسیقار نے انٹرویو میں مزید کہا تھا کہ اس واقعے کے بعد ان کے خاندان نے افراد نے انہیں تحفے میں سونے کے زیورات دینا شروع کردیے۔
’اس کے بعد میری اہلیہ نے مجھے سونے کا لاکٹ دیا 1977 میں اور اس کے بعد مجھے ’آپ کی خاطر‘ اور ’بمبئی سے آیا میرا دوست‘ کے لیے موسیقی بنانے کا موقع ملا۔‘
بقول بپی لہری کے ان کے پاس موجود سونے کے زیورات کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ وہ اسے اپنے ساتھ بیرون ملک دوروں پر اٹھا کر نہیں لے جا سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں نے کبھی اپنے سونے کے زیورات کا وزن نہیں کیا۔‘
انڈیا میں ’ڈسکو کنگ‘ کے نام سے مشہور بپی لہری کے سونے کے زیورات کا شوق آنجہانی امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کو بھی ان کے قریب لے آیا تھا۔
کچھ سالوں پہلے ’کپل شرما شو‘ میں بپی لہری نے 1996 میں مائیکل جیکسن سے انڈیا میں ہونے والی ملاقات کا قصہ سنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب وہ (مائیکل جیکسن) بمبئی آئے تھے، میں ایک جگہ بیٹھا تھا۔ مائیکل جیکسن آئے اور میری یہ سونے کی چین انہیں نظر آئی۔‘
بپی لہری کے مطابق مائیکل جیکسن نے سونے کی چین دیکھ کر کہا ’اوہ مائی گاڈ، فینٹاسٹک! آپ کا نام کیا ہے؟‘
انہوں نے پروگرام کے میزبان کو مائیکل جیکسن اور اپنی گفتگو کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’مائیکل جیکسن نے مجھ سے پوچھا آپ کمپوزر ہیں؟ میں نے کہا جی، میں نے ڈسکو ڈانسر کمپوز کیا تھا۔ جیسے ہی میں نے ڈسکو ڈانسر کہا انہوں نے کہا مجھے آپ کا گانا جمی جمی پسند آیا ہے۔‘

شیئر: