Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خاندانی راز‘: ’دا فیم گیم‘ 25 فروری کو ریلیز ہوگی

سنجے کپور اور مادھوری ڈکشٹ 25 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ (فوٹو: سنجے کپور/انسٹاگرام)
انڈین اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور اداکار سنجے کپور کی سیریز ’دا فیم گیم‘ کا پہلا سیزن نیٹ فلکس پر 25 فروری کو ریلیز کیا جائے گا۔
ویڈیو سٹریمنگ ویب سائٹ نے سیریز کے پہلے سیزن کی تاریخ کا اعلان منگل کے روز اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
نیٹ فلکس نے پوسٹ کے ساتھ انگریزی زبان میں ایک لائن بھی شیئر کی جس کا ترجمہ ہے کہ ’ایسے کوئی راز نہیں ہوتے جنہیں وقت منکشف نہ کرے۔‘
نیٹ فلکس اپنی ویب سائٹ پر ’دا فیم گیم‘ کا تعارف کچھ اس طرح کراتا ہے کہ انڈیا کی سب سے معروف اداکارہ لاپتہ ہوجاتی ہے اور ان کی تلاش کے دوران ان سے منسلک خاندان کے دردناک راز دنیا پر فاش ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
سیریز کا پوسٹر دیکھ کر ایک بات واضح ہوجاتی ہے کہ اس کے پہلے سیزن میں لاپتہ ہونے والی اداکارہ کا کردار مادھوری ڈکشٹ نبھارہی ہیں۔
اس سیریز کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے پہلے سیزن میں مادھوری ڈکشٹ اور سنجے کپور تقریباً 25 سالوں کے بعد ایک ساتھ سکرین پر نظر آئیں گے۔
اس سے قبل مادھوری ڈکشٹ اور سنجے کپور 1995 میں فلم ’راجا‘ اور 1997 میں فلم ’محبت‘ میں کام کرچکے ہیں۔
گذشتہ روز سنجے کپور نے ’راجا‘ فلم کے مشہور گانے پر مادھوری کے ساتھ رقص کی ایک ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

شیئر: