بپی لہری کہتے ہیں کہ سونا ان کے لیے خوش آئند ثابت ہوا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
جب بات سونے کی چینوں کی آتی ہے تو اکثر ذہن میں انڈین میوزک ڈائریکٹر بپی لہری کا چہرہ آتا ہے۔ وہ سونے کے زیورات سے انسیت رکھنے کے لیے مانے جاتے ہیں۔
لیکن اب ان کے پاس صرف سونے کے زیورات نہیں پائے جائیں گے۔ کیونکہ دیوالی کے پہلے دن، دھنتیرس کے موقع پر انہیں سونے سے بنے چائے کے سیٹ کا تحفہ دیا گیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بپی لہری کا کہنا تھا کہ ان کے پاس سونے کی بہت سی چینز ہیں اور اب انہوں نے سونے سے بنے چائے کے سیٹ کا انتخاب کیا تھا۔
دھنتیرس منانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’آج دھنتیرس پر میں نے میری اہلیہ سے کہا کہ میرے لیے ایک گولڈ ٹی سیٹ لے آئیں۔ میں نے ایک خوبصورت ٹی سیٹ دیکھا تھا جو مجھے چاہیے تھا۔ تو وہ میرے لیے شاپنگ پر گئیں اور وہ خرید لائیں کیونکہ یہ سونا خریدنے کے لیے مبارک دن ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اس کے بجائے سونے کے کسی زیور کا انتخاب کیوں نہیں کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’نہیں، اس بار گولڈ چینز نہیں لیں گے۔ گولڈ کا سب کچھ تو ہے ہی۔ مجھے لگا کہ چائے کا سیٹ، کپ یا پلیٹیں بہتر ہوں گی۔‘
سونے کے لیے مشہور ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ مجھے گولڈ مین کہا جاتا ہے۔ سونا میرے لیے خوش آئند ہے۔ میرے گانے اس وقت مشہور ہوئے جب میں نے سونا پہننا شروع کیا۔‘
بپی لہری نے بالی وڈ کی مشہور فلمیں جیسا کہ ’دسکو ڈانسر‘، ’نمک حلال‘، ’ہمت والا‘ اور ’شرابی‘ کے لیے گانے گائے ہیں۔
تاہم پرانے گانوں کو نئی فلموں کے لیے نئی شکل دینے سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے میں کچھ غلط نہیں ہے۔
’یہ ٹرینڈ میرے پرانے گانے، ٹما ٹما، کو فلم بدری ناتھ کی دلہنا کے لیے دوبارہ بنانے سے شروع ہوا۔ پبلک کی پسند سب سے اہم ہے۔ پبلک میرا سب کچھ ہے۔‘