ہاؤس آف اسلامک آرٹس تاریخی اور ثقافتی اشیاء کا عجائب گھر
ہاؤس آف اسلامک آرٹس تاریخی اور ثقافتی اشیاء کا عجائب گھر
جمعرات 17 فروری 2022 17:13
13 ویں صدی میں اونٹ کی کمر پر باندھےجانے والے 'مہمل' رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
اسلامی فن اپنے منفرد، خوبصورت اور شاندار عربی خطاطی کے نمونوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس میں فن تعمیر، خطاطی، مصوری، شیشہ،ظروف سازی اور کشیدہ کاری سمیت فنکارانہ صلاحیتوں کی شاندار جھلک موجود ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرق و مغرب میں صدیوں پرانی روایات اور ثقافت کے حوالے سے تعمیر کردہ عمارات، مقبروں، عجائب گھروں اور محلات کو خوبصورتی سے سجایا جاتا رہا ہے۔
جدہ میں موجود ہاؤس آف اسلامک آرٹس سعودی عرب کا منفرد عجائب گھر ہے جس میں متعدد ممالک سے لائے گئے ایک ہزار سے زیادہ قیمتی تاریخی اور نادر نمونے اکٹھے کئے گئے ہیں۔
حال ہی میں کھولے گئے اس آرٹس سنٹر میں نمائش کے لیے رکھے گئے نمونے اسلامی فنون کی شاندار انداز میں عکاسی کرتے ہیں۔
بین الاقوامی نیلامیوں اور نجی مجموعوں سے حاصل کردہ یہ مجموعے برسوں کی محنت اور تحقیق کا نتیجہ ہیں۔
اس میوزیم کی بنیاد ایک سعودی تاجرمحمد صالح صیرفی فاؤنڈیشن کے مالک اور بینک البلاد میں شیئر ہولڈر صالح بن حمزہ صیرفی نے رکھی۔
سعودی عرب کی میوزیم کمیشن کے چیف ایگزیکٹو افسر سٹیفانو کاربونی کی جانب سے لائسنس کی منظوری کے بعد گزشتہ سال 23 ستمبر کو اس عجائب گھر کا افتتاح کیا گیا ہے۔
ہاؤس آف اسلامک آرٹس کا قیام مملکت کے وژن 2030 ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے جس میں مملکت میں سعودی عجائب گھروں کی تعداد بڑھانے کے پراجیکٹ شامل ہیں۔
اس عجائب گھر کا مقصد دنیا بھر سے آنے والوں کو اسلامی معلومات اور سائنسی تحقیق کے علاوہ مکالمے اور ثقافتی تبادلوں پر طرف توجہ مبذول کرانا ہے۔
ہاؤس آف اسلامک آرٹس کے ذمہ دار محمد الکربی نے بتایا ہے کہ عجائب گھر تیار کرنے کا خیال سات سال قبل اس وقت آیا جب اس میوزیم کے بانی کے بیٹے انس صیرفی نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے نادر نمونے جمع کرنا شروع کئے۔
محمد الکربی نے بتایا کہ اس خصوصی دلچسپی کے بعد ہم نے سوچا کہ ایک ایسا عجائب گھر بنائیں جو کہ بین الاقومی معیار کے مطابق ہونا چاہئے۔
ہاؤس آف اسلامک آرٹس میں چھ مرکزی ہال بنائے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک اسلامی فنون کی نمائش کے لیے وقف ہے۔
ہرایک ہال میں مختلف کہانی اور مواد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے جب کہ ان تمام کا تعلق اسلامی فن سے ہے۔
اس میوزیم میں مٹی کے برتن اور قدیم سکے، فنکارانہ سطح پر مسلمانوں اورغیر مسلموں کے درمیان ثقافتی رابطے کے فن سے متعلق معلومات کے علاوہ فن خطاطی کے مخطوطات ہیں۔
سب سے اہم اور مرکزی ہال میں مختلف ادوار میں استعمال ہونے والے غلاف کعبہ کے نادر نمونے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 13 ویں سے 20 صدی کے دوران اونٹوں پر سوار ہو کر آنے والےعازمین حج کی آسانی کے لیےاونٹ کی کمر پر باندھےجانے والے 'مہمل' رکھے گئے ہیں جو خاص قسم کے کپڑے سے تیار ہوتے تھے۔
مٹی کے برتنوں کا ہال زائرین کو ماضی میں لے جاتا ہے تاکہ یہ ظاہر ہو سکے کہ قدیم صنعتوں نے کس طرح ترقی کی اور کس طرح مٹی کے برتنوں کو رنگین، چمکدار اور اسلامی رسم الخط سےآراستہ کیا گیا۔